زمین ڈاٹ کام پراپرٹی ایکسپواسلام آبادکامیابی سے اختتام پذیرہوگیا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 29 دسمبر 2016 20:35

زمین ڈاٹ کام پراپرٹی ایکسپواسلام آبادکامیابی سے اختتام پذیرہوگیا

اسلا م آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔آئی پی اے۔29دسمبر2016ء):پاک چائنہ فرینڈ شپ سنٹر اسلام آباد میں جاری دو روزہ ”زمین ڈاٹ کا م پراپرٹی ایکسپو “ کامیابی سے اختتام پذیر ہو گئی۔ ایکسپو کا افتتاح فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر عبدالروٴف عالم نے کیا۔ افتتاح کے بعد زمین ڈاٹ کام کے سی ای او ذیشان علی خان نے اُن کو ایکسپو کا دورہ کروایا۔

پاک چائنہ فرینڈ شپ سنٹر کی دونوں منازل پر اسٹالز لگے ہوئے تھے ‘ جن کی تعداد 60سے زائد تھی۔ ایک رپورٹ کے مطابق اس نمائش میں تقریباً40ہزار افراد نے شرکت کی تھی۔ نمائش میں مزید دلچسپی کیلئے فوڈ اسٹالز ‘ بچوں کی تفریح کیلئے جمپنگ کیسل بھی بنائے گئے تھے ۔ نمائش کے اختتا م پر بذریعہ قرعہ اندازی شرکاء میں انعامات بھی تقسیم کئے گئے تھے ۔

(جاری ہے)

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ذیشان علی خان نے کہا کہ ہم نے اس سال پاکستان بھر میں پانچ ایکسپوز منعقد کروا کر کامیابی کی مثال قائم کی ہے اور اب 2017ء کے آغاز میں ہم کراچی میں ایک بڑی ایکسپو کا انعقاد کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ اسلا م آباد میں اتنی بڑی اور کامیاب ایکسپو سے خوشی محسوس ہو رہی ہے ‘ تاہم ہمارا سفر جاری رہے گا اور ہم مستقبل میں مزید کامیابیاں بھی اپنے نام کریں گے۔ اُن کا کہنا تھا کہ مجھے اپنی انتھک محنت کرنے والی ٹیم پر فخر ہے جس نے شب و روز ایک کر کے ایسی کامیاب ایکسپو منعقد کی اور اب دو ہفتوں کے بعد کراچی میں منعقد ہونے والی ایکسپو بھی کامیابی میں اپنی مثال آپ ہوگی۔