امت ِ رسول ؐ مارچ‘ ، مزید علماء کرام کی جانب سے حمایت کا اعلان

مارچ وقت کی ضرورت ہے ،مظلومین کی حمایت ہم سب کا فرض ہے ،مولانا اسفند یار اور مفتی زر ولی خان کی حافظ نعیم الرحمن سے گفتگو حافظ نعیم الرحمن کی جانب سے علماء کرام ،آئمہ مساجد کو خط روانہ،جمعہ کے خطبات میں شام اور برما کے مسئلے کو اُٹھانے کی اپیل یوم ِ احتجاج کے سلسلے میں آج مظاہرے اور کارنر میٹنگز ہوں گی ،شہر بھر میں کیمپ بھی لگائے جائیں گے

جمعرات 29 دسمبر 2016 21:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 دسمبر2016ء) جماعت اسلامی کراچی کے تحت اتوار یکم جنوری کو 3بجے دن شاہراہ قائدین پر ہو نے والے ’’امتِ رسول ؐ مارچ ‘‘ کے سلسلے میں مزید علمائے کرام سے رابطے کیے گئے اور ان کو مارچ میں شر کت کی دعوت دی ۔امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں وفد نے جامعہ دارالخیر کے مہتمم مولانا اسفند یار خان اور جامعة العربیہ احسن العلوم کے مہتمم شیخ الحدیث مفتی زر ولی خان سے ان کے مدارس میں علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں ۔

علمائے کرام نے ’’امتِ رسول ؐ مارچ ‘‘ کو بروقت اور حوصلہ افزاء قرار دیتے ہوئے اس کی مکمل حمایت اور تائید کا اعلان کیا اور یقین دلایا کہ مدارس کے طلبہ اور علماء کرام بھی مارچ میں بھر پور شر کت کریں گے ۔

(جاری ہے)

وفد میں جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر برجیس احمد ،ضلع شر قی کے امیر یونس بارائی ،سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ،جمعیت اتحاد العلماء کراچی کے صدر مولانا عبد الوحید ،مولانا حبیب حنفی ،مولانا خالد مسعود اور دیگر بھی موجود تھے ۔

حافظ نعیم الرحمن نے معزز علمائے کرام سے گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ اس وقت شام کے علاقے حلب اور برما میں مسلمانوں کو بدترین ظلم و ستم کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔خواتین ،بچے ،بزرگ سمیت لاکھوں افراد نقل مکانی پر مجبور ہو گئے ہیں اور بدقسمتی سے ان مظلومین کے حق میں کوئی مؤثر آواز نہیں اُٹھائی جارہی ۔ان حالات میں جماعت اسلامی نے صرف مظلومین کی حمایت اور اتحادِ امت کے اظہار کے لیے اور خاموشی کو توڑنے کے لیے یہ ’’امتِ رسول ؐ مارچ ‘‘ منعقد کیا ہے ۔

انہوں نے علماء کرام سے اپیل کی ہے کہ وہ عوام الناس کے سامنے قومی اور ملی غیرت کے اس مسئلے کو اُٹھائیں اور جمعے کے خطبات میں اور تقاریر میں ان علاقوں کے مسلمانوں کی حالتِ زار بیان کریں ۔مولانا اسفند یار خان نے جماعت اسلامی کے وفد کو یقین دلایا کہ اس مشن اور ’’ امتِ رسول ؐ مارچ ‘‘ کی بھر پور حمایت اور مکمل تائید کر تے ہیں ۔ان کے مدرسے اور حلقہِ اثر سے وابستہ افراد اور طلبہ و علماء مارچ میں بھر پور شر کت کریں گے ۔

یہ مارچ وقت کی اولین ضرورت ہے ۔اتحادِ امت کی کوششیں جاری رہنی چاہیئے ۔مفتی زرولی خان نے کہا کہ بلاشبہ مسلمانوں کے اندر بے حسی کی صورتحال ہے لیکن اس کو ختم کر نا ہو گا ۔ہم ’’امتِ رسول ؐ مارچ ‘‘ کی مکمل حمایت کر تے ہیں کیونکہ مظلوموں کا ساتھ دینا ہمارا ایمانی فریضہ ہے ۔ظلم جہاں کہیں بھی ہو اس کے خلاف آواز اُٹھانا ضروری ہے ۔ہم جمعے کے خطبوں اور تقاریر میں بھی اس مسئلے کو اُجاگر کریں گے ۔

علاوہ ازیں حافظ نعیم الرحمن نے علماء کرام ،آئمہ مساجد اور خطبائے عظام کے نام ایک خط جاری کیا ہے ۔جو شہر بھر کی مساجد میں بھی تقسیم کر دیا گیا ہے ۔خط میں اپیل کی گئی ہے کہ جمعے کے خطبات اور تقاریر میں شام اور برما کے حوالے سے حقائق عوام الناس کے سامنے لائے جائیں اور مظلومین کی حمایت اور اتحادِ امت کا درس دیتے ہوئے اہل اسلام کو اتحادو یکجہتی کی تلقین کی جائے ۔

دریں اثناء جماعت اسلامی کراچی کے تحت جمعے کو شام اور برما کے مسلمانوں سے اظہار ِ یکجہتی کے لیے اور اُن پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف یومِ احتجاج کے سلسلے میں شہر بھر میں سینکڑوں مساجد کے باہر نمازِ جمعہ کے بعد احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے اور پبلک مقامات پر کارنر میٹنگز کا انعقاد کیا جائے گا ۔علاوہ ازیں جمعے کے روز ہی ’’امتِ رسولؐ مارچ ‘‘ کے سلسلے میں شہر کی اہم شاہراہوں اور چورنگیوں پر کیمپس بھی لگائے جائیں گے اور عوام کو مارچ میں شرکت کی دعوت بھی دی جائے گی ۔نمازِ جمعہ کے بعد مساجد میں ہینڈ بلز بھی تقسیم کیے جائیں گے ۔

متعلقہ عنوان :