کراچی آپریشن کے تحت 2016ء کے دوران سنگین جرائم میں ملوث 2847 ملزمان کو گرفتار کیا ، امن و امان کی صورتحال میں واضح بہتری۔ پاکستان رینجرز سندھ کی سالانہ رپورٹ

جمعرات 29 دسمبر 2016 21:22

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 دسمبر2016ء) پاکستان رینجرز سندھ نے سال 2016ء کے دوران کراچی آپریشن کے تحت 1992 ٹارگیٹڈ کارروائیوں میں مختلف سنگین جرائم میں ملوث 2847 ملزمان جن میں 350 مبینہ دہشت گرد،446 ٹارگٹ کلرز ، 72 بھتہ خوروں اور 26 بھتہ خوروں کو گرفتار کیا گیا۔ان ملزمان میں سے 346 کا تعلق سیاسی جماعتوں کے عسکری ونگ،11 کا تعلق فرقہ ورانہ جماعتوں کے عسکری ونگ اور87 کا تعلق لیاری گینگ وار اور پیپلز امن کمیٹی سے تھا۔

جمعرات کو رینجرز کی جانب سے جاری کردہ سالانہ رپورٹ کے مطابق یکم جنوری 2016ء سے کراچی میں 1992 آپریشن کر کے 2847 افراد کو گرفتار کیا گیا ،مختلف اقسام کے 1845 ہتھیار برآمد کئے، 194579 دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا۔ 350 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا۔

(جاری ہے)

اسطرح446 ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کیا گیا جن میں سے 346 کا تعلق سیاسی جماعتوں کے عسکری ونگ،11 کا تعلق فرقہ ورانہ جماعتوں کے عسکری ونگ اور87 کا تعلق لیاری گینگ وار اور پیپلز امن کمیٹی سے تھا۔

72بھتہ خوروں اور26 اغواء برائے تاوان کی واداتوں میں ملوث افراد کو گرفتار کیا گیا۔سال 2016کے دوران13 مغویوں کو بازیاب کرا گیاان کاروائیوں کے دوران رینجرزکے 5 جوان زخمی بھی ہوئے۔شہر میں رواں سال* امن امان کی صورتحال سال2013-14-15 کی نسبت بہتر رہی اور رواں سال دہشت گردی کے صرف 16 واقعات پیش آئے جبکہ 2013-14-15 میں 141 دہشت گردی کے واقعات پیش آئے تھے۔

اس طرح ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں نمایاں کمی آئی ہے 2016ء کے دوران 86 واقعات پیش آئے سال 2013-14-15 میں 1766 ٹارگٹ کلنگ کے واقعات پیش آئے تھے۔ بھتہ خوری کے واقعات میں بھی نمایاں کمی آئی اور 2016ء کے دوران99 واقعات پیش آئے۔ 2013-14-15 میں2726 بھتہ خوری کے واقعات پیش آئے تھے۔ اغواء برائے تاوان کے واقعات میں کمی دیکھی گئی اور 2016ء کے دوران25 واقعات پیش آئے جبکہ 2013-14-15 میں326 اغواء برائے تاوان کے واقعات پیش آئے تھے ۔

رینجرز نے سال بھر میں مختلف کارروائیوں کے دوران 10 راکٹ لانچر، 50 لائٹ مشین گن، 358 سب مشین گن اور کلاشنکوف، 90 شارٹ گن، 112 ریپیٹرز، 315 رائلفزاور 910 پسٹل برآمد کئے جبکہ 166 گرینیڈ اور کریکرز، ایک دھماکہ خیز ڈیوائس اور 12 کلو دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا۔ اس طرح 26 واکی ٹاکی، 190 بلڈ پروف جیکٹس، 36 ڈیٹونیٹرزاور 18 آرپی جی 7 راکٹ بھی برآمد کئے گئے۔