امریکی قونصلیٹ جنرل کے زیراہتمام اسپورٹس ڈپلومیسی کے تحت امریکن فلیگ فٹ بال ایونٹ کا انعقاد

جمعرات 29 دسمبر 2016 21:22

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 دسمبر2016ء) امریکی قونصلیٹ جنرل کے زیر اہمتام اسپورٹس ڈپلومیسی کے تحت امریکن فلیگ فٹ بال ایونٹ کا انعقاد کیا گیا۔ جمعرات کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق قائم مقام امریکی قونصل جنرل جون وارنر نے لیاری کے ایک لوئر مڈل کلاس نجی تعلیمی ادارے القادر اسکول کے تقریبا 20 طلبہ کو ایونٹ میں خوش آمدید کہا، ایونٹ میں شریک طلبہ کی عمریں 13 سے 18 سال تھیں ان کے علاوہ امریکی قونصلیٹ جنرل کے رضاکار بھی شریک ہوئے۔

شرکا کو امریکن فٹ بال کے قواعد سیکھنے اور اسے کھیلنے کا موقع ملا۔امریکی قونصلیٹ جنرل نے اسپورٹس ڈپلومیسی کے تحت پہلی بار مقامی طلبہ کے لئے امیرکن فٹ بال متعارف کرایا تھا۔ قائم مقام امریکی قونصل جنرل جون وارنر اورالقادراسکول کے پرنسپل دوست محمد دانش نے ایونٹ کی صدارت کی اور اِس نئے کھیل میں طلبہ کی بھرپور دلچسپی اورجوش و جذبے کو سراہا۔

(جاری ہے)

قائم مقام امریکی قونصل جنرل جون وارنر نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکن فٹ بال بہت عرصے سے امریکا کے مقبول ترین کھیلوں میں شامل ہے اور ہمیں امریکا کے اس روایتی کھیل میں پاکستان کے نوجوان طلبہ کو شریک کر کے بہت خوشی محسوس ہورہی ہے۔ امریکی قونصل خانہ سمجھتا ہے کہ دونوں ملکوں کے عوام کو قریب لانے اور شہریوں میں صحت مند اور فعال طرز زندگی کو فروغ دینے کے لئے اسپورٹس ڈپلومیسی بہترین طریقوں میں سے ایک ہے۔