گلی محلوں کی سطح پر عام آدمی کے مسائل حل کرنے کیلئے بلدیاتی اداروں کو مکمل طور پر فعال کیا جائے :ذکر اللہ مجاہد

شہر بھر میں گلیاں اور سٹرکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار شہری سیوریج ملا پانی پینے پر مجبور ہیں‘ امیر جماعت اسلامی لاہور

جمعرات 29 دسمبر 2016 20:56

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 دسمبر2016ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکراللہ مجاہد نے کہاہے کہ گلی محلوں کی سطح پر عام آدمی کے مسائل حل کرنے کیلئے بلدیاتی اداروں کو مکمل طور پر فعال کیا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہو ںنے دفتر جماعت اسلامی لاہور میں مختلف مکتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد سے گفتگو کے دوران کیا ۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کو پارلیمانی نرسری کہا جاتا ہے بدقسمتی سے ایک سال کے بعد بھی بلدیاتی ادارے مکمل اختیار ات کے ساتھ بحال نہیں ہو سکے۔

طویل عرصہ سے بلدیاتی اداروں کی غیر موجودگی کے باعث ہر یونین کونسل میں مسائل کی بھر مار ہے جن کی وجہ سے شہریوں کی زندگی اجیرن ہو کر رہ گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ شہر کی ہر یونین کونسل میں گلیاں و سٹرکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار شہری سیوریج ملا پانی پینے پر مجبور ہیں ،شہر کے متعدد علاقے اچھرہ ، سمن آباد ، گڑھی شاہو ، اندورن شہر اور شمالی لاہور کے دیگر علاقوں میں واٹر سپلائی میں گٹر کے گندے پانی کی آمیزش پائی جاتی ہے یاپھر پینے کیلئے صاف پانی ہی میسر نہیں اور لوگ ناقص پانی پینے جس کی وجہ سے مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت چند بڑے نمائشی منصوبوں پر بے دریغ بجٹ خرچ کر رہی ہے اور گلی محلے کے بنیادی مسائل سے آنکھیں بند رکھی ہیں ۔ذکر اللہ مجاہدنے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا کہ ان مسائل پر فوری توجہ دے ورنہ عوامی ردعمل کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہو جائے