چین نے کراچی سرکلر ریلوے، کیٹی بندر ، خصوصی اقتصادی زونز کے منصوبوںکو سی پیک میں شامل کرنے کی منظوری دیدی

فیصلہ بیجنگ میں سی پیک کے حوالے سے ہونے والے پاک چائنا مشترکہ تعاون کمیٹی کے چھٹے اجلاس کے موقع پر کیا گیا وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے تینوں منصوبوں کو سی پیک میں شامل کرنے کیلئے بھرپور وکالت کی ، تینوں منصوبوں کی فزیبلٹی تیار کرنیکی ہدایت

جمعرات 29 دسمبر 2016 20:31

کراچی/ بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 دسمبر2016ء) چینی حکام نے چائنا پاکستان اقتصادی راہداری میں سندھ کے تین ترقیاتی منصوبوں کو شامل کرنے کی اصولی منظوری دیدی۔وزیراعلی سندھ کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق چینی حکام نے کراچی سرکلر ریلوے، کیٹی بندر اور خصوصی اقتصادی زونز کے منصوبوںکو سی پیک میں شامل کرنے کی منظوری دیدی ہے۔

اس بات کا فیصلہ بیجنگ میں سی پیک کے حوالے سے ہونے والے پاک چائنا مشترکہ تعاون کمیٹی (جے سی سی)کے چھٹے اجلاس کے موقع پر کیا گیا جس میں وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ اپنی کابینہ کے ارکان کے ساتھ شریک ہوئے۔ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق پاک چین مشترکہ تعاون کمیٹی کے بیجنگ میں ہونے والے اجلاس میں سی پیک کے تحت زیر تعمیر منصوبوں پر ہونے والی پیشرفت کا جائز لیا گیا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی وزیر احسن اقبال نے پاکستانی وفد کی قیادت کی جبکہ وفد کے دیگر ارکان میں وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی، وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ، وزیراعلی خیبرپختونخوا ہ پرویز خٹک، وزیراعلی بلوچستان نواب ثنا اللہ زہری ، گلگت بلتستان کے وزیراعلی حفیظ الرحمان شامل ہیں جبکہ صوبائی وزیر صنعت شیخ علا ائولدین پنجاب کی نمائندگی کررہے ہیں۔

چین کے ترقی اور اصلاحات کے قومی کمیشن کے نائب چیئرمین چینی وفد کی قیادت کررہے ہیں۔اجلاس میں وزیراعلی سندھ کی جانب سے پیش کی جانے والی تفصیلات کے بعد جے سی سی نے مذکورہ منصوبوں کو سی پیک میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا اور سندھ حکومت کو ہدایت کی کہ آئندہ تین ماہ میں ان منصوبوں کی فیزیبلٹی رپورٹ پیش کی جائے۔وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے صوبائی وزیر تجارت سید ناصر شاہ کو ہدایت کی کہ وہ مقررہ وقت میں ان پروجیکٹس کی فیزیبلٹی رپورٹس تیار کریں۔

یہ توقع ظاہر کی جارہی ہے کہ چینی حکومت سی پیک کے تحت ان تینوں منصوبوں کی تکمیل کے لیے ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کرے گی۔سرکاری عہدیداروں کے مطابق یہ رقم سی پیک کے مغربی روٹس سے منسلک تین اضافی سڑکوں کی تعمیر پر خرچ کی جانی تھی۔واضح رہے کہ 22 دسمبر کو وزیراعظم نواز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی تھی کہ سندھ حکومت کی خواہش کے مطابق کراچی سرکلر ریلوے اور کیٹی بندرگاہ منصوبے کو سی پیک کا حصہ بنانے کا معاملہ جے سی سی کے اجلاس میں اٹھایا جائے۔

اجلاس میں وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کراچی سرکلر ریلوے کی بھرپور وکالت کی اور کہا کہ کراچی دنیا کے گنجان آباد ترین شہروں میں سے ایک ہے جس کی آبادی تقریباً دو کروڑ 51 لاکھ کے قریب ہے جو کہ ٹوکیو، گوانگ ژو، سیئول، نئی دہلی، ممبئی، نیویارک، میکسیکو سٹی، سا پالو، منیلا اور جکارتہ سے زیادہ ہے۔کراچی کی آبادی 2030 تک 3 کروڑ 43 لاکھ تک پہنچنے کا امکان ہے لہٰذااگر اس شہر میں سرمایہ کاری کی جائے تو منافع کے بہترین مواقع موجود ہیں۔

مراد علی شاہ نے اجلاس کو بتایا کہ 42 فیصد مسافروں کا بوجھ پبلک ٹرانسپورٹ کو اٹھانا پڑتا ہے جبکہ نجی گاڑیاں صرف 21 فیصد مسافروں کا بوجھ اٹھاتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس مسئلے کا حل موثر ماس ٹرانزٹ سسٹم میں ہے جس میں کراچی سرکلر ریلوے کی بحالی، بس ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم اور لائٹ ریل ٹرانزٹ سسٹم شامل ہے۔مراد علی شاہ نے بتایا کہ کراچی سرکلر ریلوے پہلی بار 1964 میں شروع کیا گیا تھا 1984 تک یہ ٹرانسپورٹ کا موثر ذریعہ بنا رہا۔

سرمایہ کاری نہ ہونے اور دیگر وجوہات کی بنا ء پر اس کی افادیت کم ہوتی گئی اور مسافروں کی تعداد کم ہوگئی جبکہ بالآخر اسے 1999 میں بند کرنا پڑا۔انہوں نے بتایا کہ کراچی سرکلر ریلوے کے منصوبے کی منظوری نیشنل اکنامک کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی دے چکی ہے۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کے ساتھ مل کر منصوبے کی فیزیبلٹی اسٹڈی مکمل کرلی گئی ہے جبکہ منصوبے کے ماحولیاتی اثرات کا بھی جائزہ مکمل کرلیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ منصوبے کے لیے یوٹیلٹی سروسز کو دوسرے مقام پر منتقل کرنے کی بھی ضرورت نہیں ہے۔مراد علی شاہ نے بتایا کہ کے الیکٹرک نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ اس منصوبے کے لیے بلا تعطل بجلی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔انہوں نے سرمایہ کاروں کو یقین دہانی کرائی کہ یہ پراجیکٹ وفاقی اور صوبائی ٹیکس سے مستثنیٰہوگا۔وزیراعلی سندھ نے بتایا کہ جاپان نے کراچی سرکلر ریلوے کی لاگت تقریباً 2.6 ارب ڈالر بتائی تھی اور سرمایہ کاری کا خاکہ بھی تیار کیا تھا جس کے تحت 85 فیصد قرض کی بنیاد پر سرمایہ کاری جبکہ 15 فیصد صوبائی اور وفاقی حکومتوں کی جانب سے سرمایہ کاری کی جانی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ منصوبے میں سرمایہ کاری پر منافع کی متوقع شرح 13.8 فیصد ہے جبکہ اس منصوبے سے معاشی فوائد حاصل ہوں گے، وہیکل آپریشن کوسٹ اور ٹریول ٹائم کوسٹ میں کمی آئے گی۔مراد علی شاہ نے سرمایہ کاروں کو دعوت دی کہ وہ کراچی سرکلر ریلوے میں سرمایہ کاری کے لیے وفاقی اور سندھ حکومت کا ساتھ دیں۔انہوں نے منصوبے کو سی پیک میں شامل کرنے کے لیے چینی تعاون کی خواہش ظاہر کی اور کہا کہ وزیراعظم نواز شریف اس کی شمولیت کی منظوری دے چکے ہیں اور خود مختار ضمانت بھی دے چکے ہیں۔

جے سی سی نے کراچی سرکلر ریلوے کو سی پیک میں شامل کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے سندھ حکومت کو ہدایت کی کہ وہ تین ماہ میں فیزیبلٹی رپورٹ پیش کرے۔مراد علی شاہ نے جے سی سی کو بتایا کہ کیٹی بندر منصوبہ ایسے مقام پر ہے کہ وہ تھر کول پروجیکٹ کے لیے پاور پارک کا کردار ادا کرسکتا ہے کیوں کہ یہ کوئلے کی کان اور کراچی سے بھی قریب ہے۔انہوںنے بتایا کہ کیٹی بندر کراچی سے 160 کلو میٹر دور ہے اور بذریعہ سڑک منسلک ہے،کراچی لاہور موٹروے سے اس کو منسلک کرنا آسان ہے، آبادی کم ہونے کی وجہ سے ماحولیاتی اثرات کم ہوں گے اور منصوبے سے 50 لاکھ افراد کو فائدہ پہنچے گا۔

انہوں نے بتایا کہ نئی جیٹی کی تعمیر سے کوئلہ برآمد کرنے کی صلاحیت بڑھے گی جبکہ اسے مکمل بندرگاہ بھی بنایا جاسکتا ہے۔مراد علی شاہ نے بتایا کہ تھر کول فیلڈ کو خصوصی اقتصادی زون قرار دیا جاچکا ہے اور جو پروجیکٹس اسے سپورٹ کررہے ہیں انہیں متعدد معاشی فوائد حاصل ہورہے ہیں۔اپنے اسٹریٹجک پلان سے کمیٹی کو آگاہ کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ نئی جیٹی کی تعمیر سے تھر کے کوئلے کا زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانا ممکن ہوجائے گا، بجلی پیدا کرنے کی لاگت کم ہوگی اور مناسب قیمتوں پر بجلی کی فراہمی سے ملک کی مقابلہ کرنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاور پارک کی پیداواری استعداد 10 ہزار میگا واٹ ہوگی جبکہ ٹرانسمیشن لائن کیٹی بندر کو جامشورو اور مٹیاری گرڈ سے منسلک کرے گی۔مراد علی شاہ نے بتایا کہ اسلام کوٹ سے کیٹی بندر تک کوئلے کی ترسیل کے لیے 235 کلو میٹر طویل ریلوے لائن بچھائی جائے گی جبکہ کیٹی بندر کو نوری آباد سے ملانے کے لیے 190 کلو میٹر طویل سڑک بھی تعمیر کی جائے گی۔

انہوں نے جے سی سی سے درخواست کی کہ منصوبے کی اصولی منظوری دی جائے جیسا کہ نومبر میں ہونے والے ٹرانسپورٹ انفرا اسٹرکچر جوائنٹ ورکنگ گروپ کے اجلاس میں طے کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ ورکنگ گروپ کے آئندہ اجلاس میں بینکاری کے قابل فیزیبلٹی رپورٹ پیش کردی جائے گی۔جے سی سی نے کیٹی بندر پاور پارک اور بندرگاہ منصوبے کو سی پیک میں شامل کرتے ہوئے فیزیبلٹی اسٹڈی کرانے کا فیصلہ کیا۔

وزیراعلی سندھ نے کہا کہ اسپیشل اکنامک زون اتھارٹی سندھ نے تجویز پیش کی ہے کہ ٹھٹھہ میں دھابیجی اور کیٹی بندر اسپیشل اکنامک زونز قائم کیے جائیں۔انہوں نے بتایا کہ دھابیجی ایک ہزار ایکڑ کے رقبے پر محیط ہے جبکہ یہ کراچی سے 55 کلو میٹر کے فاصلے پر سی پیک این 5 یا ایم 9 کے مشرق میں واقع ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کیٹی بندر کا اسپیشل اکنامک زون 3 ہزار ایکڑ کے رقبے پر محیط ہے جبکہ یہ کراچی سے 153 کلو میٹر کی مسافت پر ہے جبکہ اس علاقے کی صنعتی صلاحیتوں کا اندازہ پورٹ کی تعمیر کے بعد لگایا جاسکے گا۔

مراد علی شاہ نے جے سی سی اجلاس کو بتایا کہ دونوں مجوزہ اکنامک زونز کی زمینوں کی جانچ مکمل ہوچکی ہے جبکہ جلد ہی کمرشل فیزیبلٹی اور ماسٹر پلان تیار کرلیا جائے گا۔جے سی سی نے فیصلہ کیا کہ ہر صوبے میں ایک خصوصی اقتصادی زون ہوگا اور سندھ میں دھابیجی اسپیشل اکنامک زون قائم کیا جائے گا۔صوبائی وزیر برائے انڈسٹریز منظور وسان نے جے سی سی پر زور دیا کہ خیرپور اسپیشل اکنامک زون کو بھی سی پیک میں شامل کیا جائے تاہم یہ فیصلہ کیا گیا کہ سندھ میں صرف ایک اقتصادی زون تعمیر کیا جائے گا۔جے سی سی نے سندھ حکومت کو ہدایت کی کہ وہ تفصیلی پلان اور فیزیبلٹی رپورٹ پر کام کرے تاکہ منصوبے کی باضابطہ منظوری دی جاسکے۔