قائمہ کمیٹی دفاع نے پاکستان ایئرفورس ترمیمی بل 2016کی اتفاق رائے سے منظوری دیدی

پاکستان سپر مشاق طیارہ ایروناٹیکل کمپلیکس میں 100فیصد تیار کیا جاتا ہے،نائیجیریا اور قطر کیساتھ طیاروں کی فروخت کا معاہدہ طے پاگیا ہے ، مستقبل قریب میں دیگر ممالک کے ساتھ بھی طیارے کی فروخت کے معاہدے ہونے کا امکان ہے، ایئر چیف مارشل سہیل امان اور چیئرمین ایروناٹیکل کمپلیکس کی کمیٹی کو ادارے کی اہمیت ،کارکردگی اور مستقبل کے چیلنجوں بارے بریفنگ

جمعرات 29 دسمبر 2016 20:19

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 دسمبر2016ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع نے پاکستان ایئرفورس ترمیمی بل 2016کی اتفاق رائے سے منظوری دیدی،کمیٹی کو کو آگاہ کیا گیا کہ پاکستان سپر مشاق طیارہ ایروناٹیکل کمپلیکس میں 100فیصد تیار کیا جاتا ہے،نائیجیریا اور قطر کیساتھ طیاروں کی فروخت کا معاہدہ طے پاگیا ہے جبکہ مستقبل قریب میں دیگر ممالک کے ساتھ بھی طیارے کی فروخت کے معاہدے ہونے کا امکان ہے۔

جمعرات کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے ارکان نے چیئرمین کمیٹی شیخ روحیل اصغر کی سربراہی میں پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس اسلام آباد کا دورہ کیا اور ادارے کے چیئرمین اور دیگر اسٹاف کے ساتھ ملاقاتیں کیں۔اس موقع پر ایروناٹیکل کمپلیکس کے چیئرمین نے کمیٹی کو ادارے کی کارکردگی،سرگرمیوں،کامیابیوں اور مستقبل کے چیلنجوں بارے تفصیلی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سپرمشاق جنگی طیارہ سو فیصد ایروناٹیکل کمپلیکس میں تیارہوتا ہے اب تک نائیجریا اور قطر کی حکومت کی ڈیمانڈ پر ان دونوں ملکوں کے ساتھ سپر مشاق طیارے کی فراہمی کا معاہد ہ طے پاگیا ہے اور امید ہے کہ مستقبل قریب میں بعض دیگر ممالک کو بھی طیارے کی فروخت کے معاہدے طے پاجائیں گے۔کمیٹی کے ارکان نے ایروناٹیکل کمپلیکس کے چیئرمین کی خدمات کو سراہابعدازاں کمیٹی کے ارکان نے چیف آف ائیراسٹاف سے ملاقات کی اور ان کی موجودگی میں کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پاکستان ایئرفورس ترمیمی بل 2016پر غورخوض کیا گیا۔

اس موقع پر کمیٹی نے اتفاق رائے سے بل منظور کرلیا،چیف آف ائیرسٹاف ایئر چیف مارشل سہیل امان نے بھی کمیٹی کو ادارے کی اہمیت ،کارکردگی اور مستقبل کے چیلنجوں بارے بریفنگ دی۔اجلاس میں شہریاراصغر،سردار محمد شفقت حیات خان،کرنل(ر)غلام رسول ساہی،سعید احمد خان،جنید انور چوہدری،نواب علی وسان،سید مصطفی محمود،سنجے پروانی اور اعجاز الحق سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔…(خ م+ع ع)

متعلقہ عنوان :