حکومت کی زیرو ٹالرنس کی پالیسی سے کرپشن میں نمایاں کمی ہوئی ہے،شہبازشریف

جمعرات 29 دسمبر 2016 20:10

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 دسمبر2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے یہاںعالمی بینک کے مشیر علاقائی اقتصادی تعاون برائے جنوبی ایشیا ہارون شریف نے ملاقات کی۔وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں موجودہ حکومت کی معاشی اصلاحات کے باعث معیشت مستحکم ہوئی ہے اوربین الاقوامی ادارے پاکستان کی مضبوط ہوتی ہوئی معیشت اور شرح نمو میں اضافے کا اعتراف کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی ہے اور وزیراعظم محمد نوازشریف کے دور میں کرپشن کے سدباب کیلئے موثر اقدامات کئے گئے ہیں جس کے باعث کرپشن میں نمایاں کمی ہوئی ہے جسے ملکی اور عالمی سطح پر سراہا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ منصوبوں میں معیار، رفتار اور شفافیت کے کلچر کو فروغ دیا گیا ہے اور اربوں روپے کے قومی وسائل بچائے گئے ہیں اور یہ وسائل عوام کو معیاری سہولتوں کی فراہمی پر صرف کئے جا رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ساڑھے پانچ کروڑ دیہی آبادی کی اراضی کا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کیا ہے اور اس ضمن میں عالمی بینک کی معاونت لائق تحسین ہے۔ اس حوالے سے لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کا قیام بھی عمل میں لایا جا چکا ہے جبکہ پنجاب حکومت شہری اراضی کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کے پروگرام کا آغاز کر رہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اراضی کے ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن کے پروگرام میں عالمی بینک کی معاونت لائق تحسین ہے اور عالمی بینک تعلیم، صحت اور دیگر سماجی شعبوں کی بہتری کے حوالے سے بھی پنجاب حکومت کا ایک بہترین پارٹنر ہے۔

متعلقہ عنوان :