وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس، پلے و کرکٹ گرائونڈز اور ای لائبریریز کے قیام کے پروگرامو ںپر پیش رفت کا جائزہ لیا

ضلع و ڈویژن کی سطح پر سپورٹس اکیڈمیاں بنائی جائینگی، ای لائبریریز پروگرام کو جدت کیساتھ آگے بڑھانا ہوگا ،شہبازشریف

جمعرات 29 دسمبر 2016 20:10

وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس، پلے و کرکٹ گرائونڈز اور ای لائبریریز ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 دسمبر2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت یہاں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں کھیلوں کے نئے میدان خصوصاً کرکٹ گرائونڈز بنانے اور ای لائبریریز کے قیام کے پروگرامو ںپر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میںوزیراعلیٰ نے سپورٹس سٹیئرنگ کمیٹی کے قیام کی منظوری دی جس کے سربراہ حنیف عباسی ہوں گے، وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان پاکستان کا روشن مستقبل ہیں ،انہیں بااختیار بنانے کیلئے پنجاب حکومت نے انقلابی اقدامات کئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں یوتھ کمیشن قائم کر دیا گیا ہے جس کے پہلے اجلاس کی میں خود صدارت کروں گا، انہوں نے ہدایت کی کہ ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز کو بھی جلد فعال کیا جائے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ نوجوانوں میں صحت مندانہ سرگرمیوں کے فروغ کیلئے صوبہ بھر میں کرکٹ اور پلے گرائونڈز بنائے جا رہے ہیں اور لاہور سمیت پنجاب بھر میں 92 کرکٹ اور پلے گرائونڈز بنانے کے منصوبے پر کام جاری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہدایت کی کہ کرکٹ گرائونڈز اور پلے گرائونڈز بنانے کے کام کو جلد سے جلد مکمل کیا جائے اور سکولوں میں موجود پلے گرائونڈز میں بھی کرکٹ کھیلنے کی سہولت فراہم کرنے کیلئے جامع پلان مرتب کیا جائے جبکہ جن اضلاع کے سکولوں میں گرائونڈز بڑی ہیں، وہاں پر رات کے وقت کرکٹ کھیلنے کا انتظام کیا جائے اور نئی بننے والی کرکٹ گرائونڈز میں فلڈ لائٹس کا انتظام بھی کیا جائے تاکہ رات کے وقت ٹورنامنٹس کا انعقاد ممکن ہوسکے ، اس ضمن میں سکولوں کا جلد سروے کرا کر کرکٹ گرائونڈز کی نشاندہی کی جائے،وزیراعلیٰ نے کہا کہ نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کیلئے کرکٹ اور پلے گرائونڈز کا قیام ضروری ہے، انہوں نے کہا کہ صوبے میں سپورٹس انڈومنٹ فنڈ کا قیام بھی عمل میں لایا جا چکا ہے اور ضلع و ڈویژن کی سطح پر سپورٹس اکیڈمیاں بھی بنائی جائیں گی، انہو ںنے کہا کہ ای لائبریریز کے پروگرام کو جدت کے ساتھ تیزی سے آگے بڑھانا ہوگا،رواں مالی برس 10 ای لائبریریز کا قیام ہر صورت عمل میں لایا جائے۔

وزیراعلیٰ نے گزشتہ برس کرکٹ گرائونڈز، پلے گرائونڈز اور ای لائبریریز بنانے کے پروگراموں میں تاخیر کا سخت نوٹس لیتے ہوئی برہمی کا اظہار کیا اور اس ضمن میں چیئرمین وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی، ڈی جی پنجاب سپورٹس بورڈ نے پروگراموں پر پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی، صوبائی وزراء ملک ندیم کامران، منشاء اللہ بٹ، جہانگیر خانزادہ، سیکرٹری سپورٹس اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما و سابق ایم این اے حنیف عباسی راولپنڈی اور سیکرٹری تعمیرات و مواصلات بہاولپور سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

متعلقہ عنوان :