جامعہ سندھ جام شورو کی میڈیکل کمیٹی کا اجلاس ، گریڈ 2 سے 22 تک کے اساتذہ، افسران و ملازمین کے علاج کے بلز کی منظوری

جمعرات 29 دسمبر 2016 20:04

حیدر آباد۔ 29 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 دسمبر2016ء) جامعہ سندھ جام شورو کی میڈیکل ری امبرسمنٹ کمیٹی کا تیسرا اجلاس شیخ الجامعہ سندھ جام شورو پروفیسر ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو کی زیر صدارت منعقد ہوا اجلاس میں گریڈ 2 سے 22 تک کے اساتذہ، افسران و ملازمین کی جانب سے علاج کے ضمن میں خرچ کیے گئے بلز کی منظوری اور جامعہ کے پینل میں شامل ہسپتالوں بون کیئر ہسپتال، ماجی ہسپتال، غنی ہسپتال، راجپوتانہ ہسپتال حیدرآباد اور کراچی کے لیاقت نیشنل ہسپتال میں علاج کی سہولیات حاصل کرنے والے اساتذہ، افسران و ملازمن پر آئے ہوئے خرچے کے بلز کی منظوری دی گئی۔

اجلاس کے دوران پروفیسر ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو نے جامعہ کے اساتذہ، افسران و ملازمن کی طبی سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے وائس چانسلر کے طور پر منصب سنبھالنے سے پہلے جامعہ میں طبی سہولیات کے حوالے سے کافی مسائل تھے، جن میں سب سے بڑا مسئلہ پینل پر مستند ہسپتالوں کا نہ ہونا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنا عہدہ سنبھالتے ہی اس مسئلے پر ترجیحی بنیادوں پر توجہ دیتے ہوئے ایک کمیٹی کے ذریعے حیدرآباد اور کراچی کے مختلف نامور ہسپتالوں کے دورے کروا کر وہاں موجود علاج کی سہولیات و معیار کی مکمل جانچ پڑتال کے بعد انہیں یونیورسٹی کے پینل پر لایا گیا، جس کے بعد جامعہ سندھ کے اساتذہ، افسران و ملازمین کی ایک بڑی تعداد مسلسل اس سہولت سے استفادہ حاصل کر رہی ہے۔

ڈاکٹر کلہوڑو نے مزید کہا کہ وہ اس سلسلی میں ایک دوسری اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دینے کے بارے میں بھی سوچ رہے ہیں، جس کو یہ ہدف دیا جائے گا کہ وہ پینل پر مقرر ہسپتالوں کی جانب سے فراہم کردہ سہولیات، طبی معیار، علاج معالجے کی تمام نظام اور اس میں کسی بھی ممکنہ مسئلے کی نشاندہی کرکے اپنی سفارشات تشکیل دیں تاکہ ان سفارشات کی روشنی میں اس عمل کو مزید مؤثر، یقینی، آسان، شفاف اور مزید فائدہ مند بنایا جا سکے۔

اجلاس میں کمیٹی کے ماہر ممبران کے طور پر لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کے پروفیسرز پروفیسر ڈاکٹر رفیع احمد غوری، پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد پٹھان، جامعہ سندھ کی سینیئر میڈیکل آفیسر ڈاکٹر اربیلہ آغا، ڈائریکٹر فنانس عبداللطیف سومرو، ڈائریکٹر پروکیورمنٹ محمد معشوق صدیقی، آڈیٹر عزیزاللہ رستمانی، میڈیکل فیسلی ایشن سیل کے افسران فیصل الرحمان مغل اور چندر بھان بھاٹیہ نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :