وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان جمہوریت پسند،محب وطن سیاستدان ہیں ، رشید احمد خان

جمعرات 29 دسمبر 2016 20:00

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 دسمبر2016ء) پی پی9 کے صدر مسلم لیگ ن کے رہنما وممبر کینٹ بورڈ راولپنڈی وارڈنمبر4رشید احمد خان نے کہا ہے کہ وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان کا ماضی اور حال بے داغ ہے اور وہ نڈر،بے خوف،جمہوریت پسند،محب وطن سیاستدان ہیں ،ملک سے دہشتگردی،کرپشن ،لاقانونیت کے خاتمے کیلئے انہوں نے انقلابی اقدامات کیے ان پر انگلی اٹھانے والے دراصل اپنا قد کاٹھ بڑھانے کی ناکام کوشش کررہے ہیں،انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ چوہدری نثارعلی خان کی قائدانہ صلاحیتوں کا ایک زمانہ معترف ہے انکا نام بین الاقوامی سطح پر بھی ایک بہادر اور محب وطن پاکستانی کے طورپر لیا جاتا ہے ،نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد،نادرا میں اصلاحات سمیت کئی ایک اہم اقدامات انہوں نے اٹھائے ہیں ان پر تنقید کرنیوالے خود کرپشن میں ڈوبے ہوئے ہیں کرپٹ لوگوں کو ان کی کامیابیاں ہضم نہیں ہورہی ہیں ،رشید احمدخان نے کہا کہ مسلم لیگ ن کا ہرکارکن چوہدری نثارعلی خان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے اوران پر تنقید کرنیوالوں کو بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتاہے۔