عوامی مسائل اور مشکلات سے یہ بے غرضی ان نا اہل حکمرانوں کو لے ڈوبے گی،علامہ راجہ ناصر عباس

قومی ترقی کی کوئی پالیسی ایسی نہیں ہے جسے پوری قوم کے لیے فائدہ مند قرار دیا جاسکے۔سربراہ ایم ڈبلییوایم

جمعرات 29 دسمبر 2016 19:38

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 دسمبر2016ء)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری وحدت سیکرٹریٹ میں علما کرام کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے نے کہا ہے کہ اقتدار کی کھینچاتانی نے ملک کی بڑی سیاسی جماعتوں کو عوامی مشکلات اور مسائل سے غافل کر رکھا ہے۔حکمران اقتدار بچانے کی فکر میں مصروف جبکہ اپوزیشن جماعتوں کی کوشش ہے کہ الیکشن سے قبل ہی انہیں کسی طرح اقتدار حاصل ہو جائے۔

انہوں نے کہا کہ اصل حکمرانی عوام کے دلوں پر راج کرنا ہے۔ باربار آزمائے ہوئے سیاست دانوں سے عوام مایوس اور بد دل ہو چکی ہے۔ملک کی اکثریت کا تعلق متوسط طبقے سے ہے۔جو بنیادی ضروریات زندگی سے محروم رہ کر وقت گزار رہے ہیں۔ قومی ترقی کی کوئی پالیسی ایسی نہیں ہے جسے پوری قوم کے لیے فائدہ مند قرار دیا جاسکے۔

(جاری ہے)

قوموں کی ترقی میں معیاری تعلیم کو کلیدی حیثیت حاصل ہے لیکن ہمارے ہاں تعلیمی ادارے حکومتی عدم توجہی کا شکار ہیں۔

پرائمری اور مڈل سکولوں میں اساتذہ کی تعلیمی قابلیت اور ماحول کسی اعتبار سے بھی حوصلہ افزا قرار نہیں دیا جا سکتا۔اسی طرح صحت، توانائی اور دیگر شعبوں میں ترقی فقظ اخباری دعووں تک محدود ہے۔انہوں نے کہا جس ملک میں دودھ کے نام پر کیمیکل ملا محلول فروخت کرنے پر سپریم کورٹ آف پاکستان کو از خود نوٹس لینا پڑا وہاں حکومتی اداروں کی کارکردگی کے لیے سوائے شرمناک کے اور کوئی لفظ استعمال نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ نااہل حکمرانوں کو اثاثوں میں اضافے اور لوٹ مار کے کسی سے کوئی غرض نہیں۔ عوامی مسائل اور مشکلات سے یہ بے غرضی ان نا اہل حکمرانوں کو لے ڈوبے گی۔