پاک فوج کسی بھی خطرے سے نمٹنے کیلئے پوری طرح تیار ہے، جنگ کی نوعیت اور کردرار بدل چکا ہے، اب براہ راست تنازعات سے بچا جاتا ہے، مشترکہ مشقیں پیشہ وارانہ صلاحیت میں اضافے کیلئے معاون ثابت ہوتی ہیں

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا اٹک کے قریب بہادر رینجزکے دورہ کے موقع پر فوجی افسروں اور جوانوں سے خطاب پاک اردن مشترکہ فوجی مشقوں ’’فجر الشرق ون‘‘ کا معائنہ ،شرکاء کو کامیابیوں پر مبارکباد

جمعرات 29 دسمبر 2016 19:33

راولپنڈی/اٹک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 دسمبر2016ء) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایک دفعہ پھر اس عزم کا اعادہ کیاہے کہ پاک فوج کسی بھی خطرے سے نمٹنے کیلئے پوری طرح تیار ہے، جنگ کی نوعیت اور کردرار بدل چکا ہے، اب براہ راست تنازعات سے بچا جاتا ہے، مشترکہ مشقیں پیشہ وارانہ صلاحیت میں اضافے کیلئے معاون ثابت ہوتی ہیں۔ وہ جمعرا ت کو یہاں اٹک کے قریب بہادر رینجزکے دورہ کے موقع پر فوجی افسروں اور جوانوں سے خطاب کررہے تھے ۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اٹک کے قریب بہادر رینجز کا دورہ کیا اور پاکستان اور اردن کی مشترکہ فوجی مشقوں فجر الشرق ون کا معائنہ کیا، یہ انسدا د دہشتگردی مشترکہ مشقیں دو ہفتوں پر مشتمل تھیں جس میں مسلح افواج کے درمیان باہمی تجربات کا تبادلہ کیاگیا ۔

(جاری ہے)

آرمی چیف نے مشقوں میں حصہ لینے والے افسران اور جوانوں سے ملاقات کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مشترکہ مشقوں میں حصہ لینے والوںکو کامیابی پر مبارکباد دی اور فوجیوں کی جانب سے مقابلے کے مظاہرے میں پیشہ ورانہ مقابلوں میں اعلیٰ معیار کی تعریف کی اور کہا کہ مشترکہ مشقیں پیشہ وارانہ صلاحیت میں اضافے کیلئے معاون ثابت ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جنگ کی نوعیت کردار بدل چکا ہے، اب ان میں براہ راست تنازعات سے بچا جاتا ہے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مسلح افواج مکمل تربیت یافتہ اور کسی بھی خطرے سے نمٹنے اور اس کا بھرپور جواب دینے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔ آرمی چیف نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہماری کامیابیاںمطالعات میں مثال کے طور پر پیش کی جاتی ہیں۔ پاکستان نے کامیابی سے دہشت گردی کو شکست دی اور اب ہم استحکام کے مرحلے میں ہے ۔

انہوں نے کہاکہ ایسی مشقیں باہمی تبادلوں ، فائدے اور سیکھنے کا ذریعہ ہیں ۔ کامیاب مشقوں کے انعقاد پر آرمی چیف نے شرکاء کو مبارکباد دی اور مشقوں میں حصہ لینے پر اردن کے فوجی دستے کاپہلی خصوصی مشترکہ مشقوں میں شرکت پر شکریہ ادا کیا اور اس خواہش کا اظہار کیاکہ ایسی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ بعدازاں آرمی چیف نے شرکاء کے ساتھ ملاقاتیںکیں ۔قبل ازیں آرمی چیف کے تربیت کے علاقے میں پہنچنے پر کمانڈر پشاور کور لیفٹیننٹ جنرل نذیر احمد بٹ اور آئی جی ٹریننگ اینڈ ایویلیوایشن لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمان نے ان کا استقبال کیا اس موقع پر جی اوسی سپیشل سروسز گروپ بھی موجود تھے …(رانا)