الیکشن کمیشن نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر پی پی کے رکن سندھ اسمبلی بشیر احمد ہالیپوٹو کو نااہل قرار دیدیا

جمعرات 29 دسمبر 2016 19:16

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 دسمبر2016ء) الیکشن کمیشن نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر پہلی تادیبی کارروائی کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رکن سندھ اسمبلی بشیر احمد ہالیپوٹو کو نااہل قرار دیتے ہوئے نوٹیفکشن بھی جاری کردیا ۔چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا کی سربراہی میں فل بنچ نے بلدیاتی انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کیس کی سماعت کی سماعت کے ۔

درخواست گزار حسام مرزا نے رکن سندھ اسمبلی کی جانب سے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے متعلق تصویری شکل میں ثبوت پیش کئے جس پر الیکشن کمیشن کی جانب سے پہلی بار انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کارروائی کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے رکن سندھ اسمبلی بشیر احمد ہالیپوٹو کی اسمبلی رکنیت ختم کرتے ہوئے انہیں نااہل قرار دے دیا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ بشیر احمد کے خلاف درخواست گزار ذوالفقار مرزا کے بیٹے حسام مرزا نے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ رکن سندھ اسمبلی بشیر احمد پولنگ اسٹیشن کے اندر بیٹھ کر پولنگ اسٹاف کو ہدایات جاری کرتے رہے ۔سماعت کے دوران حسام مرزا نے بطور ثبوت نجی ٹی وی چینل کی وڈیو اور دیگر شواہد پیش کئے جس پر الیکشن کمیشن نے ان کی نااہلی کا فیصلہ سنایا ۔بشیر احمد سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 55بدین سے پیپلز پارٹی کے رکن تھے۔