فیصل آباد ،ضلعی محکمہ صحت اور مانیٹرنگ سٹاف باہمی رابطہ کو مزید بہتر بنائیں، ڈی سی او سلمان غنی کی ڈی ای او ہیلتھ کو ہدایت

جمعرات 29 دسمبر 2016 18:24

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 دسمبر2016ء)ضلعی محکمہ صحت اور مانیٹرنگ سٹاف باہمی رابطہ کو مزید بہتر بنائیں تاکہ چیف منسٹر ہیلتھ روڈ میپ پروگرام پرکامیابی سے عملدرآمد کی حقیقی کارکردگی سامنے آسکے۔یہ بات ڈی سی او سلمان غنی کی ہدایت پر ڈی او(ایچ آر ایم)خالد مسعود فروکہ نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ ریویو کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹرنوازش گورایہ نے ضلع میں تحصیل ہیڈ کوارٹرزہسپتالوں اوربنیادی مراکز صحت کی کارکردگی جبکہ ڈی ایم او صنم گوندل نے مانیٹرنگ رپورٹس سے آگاہ کیا۔

اجلاس میں ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر آصف شہزاد،محکمہ صحت کے دیگر افسران،میڈیکل سپرنٹنڈنٹس،سینئر میڈیکل آفیسرز،میڈیکل آفیسرز اوردیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

صدر اجلاس نے مانیٹرنگ رپورٹس کاجائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ سرکاری ہسپتالوں اور ہفتہ کے ساتوں ایام میں 24گھنٹے کام کرنے والے بنیادی مراکز صحت میں ادویات کی سوفیصد دستیابی،سٹاف کی حاضری اور دیگر ضروری طبی سہولتوں کی فراہمی میں تعطل نہیں آناچاہیے۔

انہوں نے کہاکہ ہسپتالوں میں صفائی ستھرائی کااعلیٰ معیار ہمہ وقت برقراررہناچاہیے۔صدر اجلاس نے واضح کیا کہ ڈاکٹرز وپیرامیڈیکل سٹاف کی بائیومیٹرک حاضری کے لئے سٹینڈرڈ سسٹم کے تحت عملدرآمد کیا جائے۔انہوں نے طبی مشینری کی ورکنگ حالت میں موجودگی کو ہرصورت یقینی بنانے پرزور دیا اورکہا کہ چیف منسٹر ہیلتھ روڈ میپ پروگرام کے انڈیکیٹرز پر ذمہ داری سے عملدرآمد ہوناچاہیے تاکہ صحت کے شعبہ میں ضلع کی مجموعی کارکردگی متاثر نہ ہو۔