لیز کی تجدید اور مراکز میں اضافی سٹوری کا مطالبہ پورا ہونے پر تاجر براری کو مبارک باد پیش کرتے ہیں، خالد اقبال ملک

تاجروں کے دیرینہ مسائل حل کرنے پر میئر اسلام آباد اور چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز کا شکریہ ادا کرتے ہیں

جمعرات 29 دسمبر 2016 18:12

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 دسمبر2016ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر خالد اقبال ملک نے اسلام آباد کی تاجر برادری کو مبارک باد پیش کی ہے کہ سی ڈی اے نے ان کے دو اہم دیرینہ مطالبات یعنی لیز کی تجدید اور تجارتی مراکز میں اضافی سٹوری کی تعمیر کو اصولی طور پر حل کرنے پر اتفاق کر لیا ہے۔انہوںنے اسلام آباد کے میئر اور چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز اور ممبر پلاننگ اسد کیانی کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس سلسلے میں چیمبر کے وفد کے ساتھ متعدد ملاقاتیں کیں اور ان کے دو اہم دیرینہ مطالبات کو اصولی طور حل کا فیصلہ کیا۔

خالد اقبال ملک نے کہا کہ متعدد کمرشل پلاٹوں کی لیز کی تجدید بعض وجوہات کی بنا پر کئی سالوں سے رکی ہوئی تھی جس وجہ سے بزنس کمیونٹی کو بہت مشکلات کا سامنا تھا۔

(جاری ہے)

اسی طرح بہت سے تجارتی مراکز طویل عرصے سے اضافی سٹوری کی تعمیر کا مطالبہ کر رہے تھے کیونکہ کاروبار کے فروغ پانے کے ساتھ مذکورہ سٹوری کی تعمیرکی ضرورت بڑھ گئی تھی ۔تاہم سی ڈی اے کے چیئرمین نے چیمبر کے وفد کے ساتھ ہونے والی حالیہ ملاقات میں ان دونوں مسائل کو حل کرنے پر اتفاق کر لیا ہے جو قابل تعریف ہے۔

انہوں نے کہا کہ شیخ انصر عزیز کے چیئرمین سی ڈی اے کا عہدہ سنبھالنے کے بعد اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نے ان دو اہم مسائل کے حل کیلئے ان کی زیر قیادت سی ڈی اے کے ساتھ متعدد ملاقاتیں کیں اور تاجر برادری کے ان دیرینہ مسائل کو حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام ملاقاتوں میں چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز کا رویہ بہت مثبت رہا اور انہوںنے تمام قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے مسائل کا بہتر سے بہتر حل نکالنے کی کوشش کی جس کیلئے اسلام آباد کی تاجر برادری ان کی مشکور ہے۔

انہوںنے کہا کہ چیئرمین سی ڈی اے نے ایک کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو موجودہ وقت کے تقاضوں کے مطابق سی ڈی اے قوانین میں ضروری ترامیم تجویز کرے گی اور اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ جلد ہی لیز کی تجدید اور مراکز میں اضافی سٹوری کی تعمیر قانونی طور پر ممکن ہو جائے گی۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز تاجر برادری کے دیگر مسائل کو بھی اسی مثبت جذبے سے حل کرنے کی کوشش کریں گے تا کہ اس خطے میں تجارتی و صنعتی سرگرمیوں کو مزید بہتر فروغ ملے، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں، غربت و بے روزگاری میں کمی واقع ہو، حکومت کے ٹیکس ریونیو میں اضافہ ہو اور معیشت تیزی سے ترقی کرے۔

متعلقہ عنوان :