یونائٹیڈ بزنس گروپ نے ایف پی سی سی آئی الیکشن میں حصہ لینے کی تیاریاں مکمل کرلیں

ہم الیکشن میں بزنس کمیونٹی سے دھوکہ کرنے والوں کو آسانی سے فرار نہیں ہونے دیں گے،ایس ایم منیر راتوں رات چھلانگیں مارکر اور بزنس کمیونٹی کوجھوٹے خواب دکھا نے والوں کا مقدر ناکامی ہے،افتخار علی ملک

جمعرات 29 دسمبر 2016 17:24

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 دسمبر2016ء) یونائٹیڈ بزنس گروپ نے آج جمعہ کو ہونے والے ایف پی سی سی آئی الیکشن میں حصہ لینے کی تیاریاں مکمل کرلیں،یو بی جی رہنمائوں نے کہا کہ فیڈریشن الیکشن میں یو بی جی بھرپور کامیابی حاصل کریگا،یونائٹیڈ بزنس گروپ(یو بی جی)کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر نے کہا ہے کہ ملک بھر کی بزنس کمیونٹی کو یو بی جی کی قیادت پر اندھا اعتماد ہے، ہمارے صدارتی امیدوار زبیر طفیل،امیدوار برائے سینئرنائب صدرعامرعطا باجوہ سمیت یو بی جی کے تمام نائب صدور کے امیدوار بھاری اکثریت سے کامیاب ہوکرپاکستان کی تاجربرادری اور فیڈریشن کی شان بڑھائیں گے۔

ایس ایم منیر نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی میں دوسال قبل یو بی جی نے اقتدار میں آنے کے بعد نہ صرف مالی بدعنوانیوں کا خاتمہ کیا بلکہ جاری مالی معاملات بہتر بنائے،یو بی جی کے پہلے دونوں صدور میاں ادریس اور عبدالرئوف عالم کی طرح زبیر طفیل بھی یو بی جی کے نامزد تیسرے صدر کی حیثیت سے فیڈریشن چیمبر کے استحکام اور بزنس کمیونٹی کے وسیع تر مفاد میں کام کریں گے، ہم نے یو بی جی نے بزنس کمیونٹی کے بکھرے ہوئے اعتماد کو بحال کیا بلکہ فیڈریشن کے مالی معاملات بھی بہتر بنائے ہیں،ہم الیکشن میں بزنس کمیونٹی سے دھوکہ کرنے والوں کو آسانی سے فرار نہیں ہونے دیں گے۔

(جاری ہے)

آج کا دن یو بی جی کے امیدواروں کی تاریخی کامیابی کا دن ہوگا، ہم جمہوریت کی پیداوار ہیں، یونائٹیڈ بزنس گروپ ایک ہراول دستہ ہے جو دن بدن مضبوط ہورہا ہے،الیکشن دفتروں میں بیٹھ کر نہیں ہوتے ،زندگی کے اہم سال مشن کے طور پر لگانے پڑتے ہیں،میرا 40سال کا جمہوری سفر ہے اور ہم میمن،اردو،پنجاب ،سندھی ،پختون،بلوچ سب کو ساتھ لے کرچلے ہیں اور آئندہ بھی ہم متحد رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی کے ذریعہ ہمارا گروپ پاکستان بھر کی بزنس کمیونٹی کی بلاامتیاز خدمت کررہا ہے اور ایس ایم منیر کے ساتھ ملکرہم نے دوسال میں یونائٹیڈ بزنس گروپ کو پاکستان کی بزنس کمیونٹی کا سب سے عظیم اثاثہ بنادیا ہے، ہم شارٹ کٹ پر یقین نہیں رکھتے بلکہ خدمت اور جدوجہد کاصلہ اللہ نے ہمیں دیا ہے،ہم کرپشن سے پاک سیاست کوتجارتی سیاست کا حصہ بنایا ہے، راتوں رات چھلانگیں مارکر اور بزنس کمیونٹی کوجھوٹے خواب دکھا نے والوں کا مقدر ناکامی ہے،ہم نے پاکستان میں نئے چیمبرز بنائے،خواتین تاجروں کو انکا درست مقام دیا اور انکے لئے ویمن چیمبرز بنائے جبکہ چھوٹے تاجروں کیلئے بھی اسمال چیمبرز بنوائے لیکن چند لالچی اور راتوں رات شہرت حاصل کرنے کے خواہشمند صرف تنقید برائے تنقید کو ہی اپنا مشن سمجھ بیٹھے ہیں لیکن میں ان پر یہ واضح کردینا چاہتا ہوں کہ بزنس کمیونٹی کی خدمت کرنے کیلئے اپنا خون جلانا پڑتا ہے اور ہم نے یہ خدمت ایف پی سی سی آئی کے پیسوں پر نہیں بلکہ اپنی جیب سے اخراجات کے ذریعہ کی ہے یہی وجہ ہے کہ ملک بھر کی بزنس کمیونٹی ہم پر ناز کرتی ہے ،میرے نزدیک تاجر اور صنعتکار موجودہ مشکل ترین حالات میں اپنا کاروبار اور اپنی صنعتیں چلا کر جہاد کررہے ہیں جس پر میں انہیں سلوٹ پیش کرتا ہوں۔

ایف پی سی سی آئی میں یو بی جی کے صدارتی امیدوارزبیرطفیل نے کہا کہ یو بی جی سے بھاگنے والوں کوآج کے دن کے نتائج کے بعد اپنے فیصلے پر ندامت ہوگی ،ہم الزام تراشیوں اور پگڑیاں اچھالنے کے بجائے بزنس کمیونٹی کے وسیع ترمفاد کیلئیے پہلے بھی کام کرتے رہے ہیں اور منتخب ہونے کے بعد بھی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔انکا کہنا تھا کہ حکومت صنعتی سیکٹر کو سہولیات فراہم کرے تاکہ وہ صنعتی شعبے میں نئی سرمایہ کاری کریں تاکہ وہ نوجوانوں کو روزگار فراہم کریں۔

زبیرطفیل نے کہا کہ ملکی معاشی صورتحال بہتر بنانے کیلئے یو بی جی کی قیادت گزشتہ دوسال سے بھرپور جدوجہد کررہی ہے اور ہم نے حکومت بزنس کمیونٹی کے بہتر مفاد میںکو ہمیشہ مثبت تجاویز دیں،ہماری سی پیک پر مکمل توجہ ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ حکومت نے جتنے عرصے کیلئے چائنا کی کمپنیوں کو ٹیکسز کی چھوٹ دی ہے اسی طرح پاکستانی کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کو بھی ہرسطح پراتنے ہی سال کی ٹیکس چھوٹ دی جائے ۔

سینیٹر عبدالحسیب خان نے کہا کہ یو بی جی لیڈران نے زبیرطفیل کی صورت میں ایک بہترین صدارتی امیدوار نامزدکیا ہے جوحکومتی سیکٹر میں جاکر تاجربرادری کے نمائندے کی حیثیت سے فائٹ کررہا ہے اور ہمیں ایسا ہی صدر چاہیئے جو حکومت سے مسائل حل کراسکے اور فیڈریشن کی بات منوا سکے اور یہ صلاحیتیں زبیر طفیل میں موجود ہیں۔ گلزار فیروز نے اپنے خطاب میں کہا کہ یونائٹیڈ بزنس گروپ کا سونامی مخالف گروپ کے امیدواروں کو بہا لے جائے گا،افتخار علی ملک اور ایس ایم منیر کی قیادت میں یو بی جی ایف پی سی سی آئی میں تاریخی کامیابی حاصل کرے گااورجو لوگ یو بی جی کوخیرباد کہہ گئے ہیں انہیں30دسمبر کو اپنے اس فیصلے پرپچھتانا پڑیگا۔

متعلقہ عنوان :