منگلاپاور سٹیشن کی اپ گریڈیشن ،پیداواری صلاحیت 1310 میگاواٹ ہو جائے گی ‘چیئرمین واپڈا

منگلا پاور سٹیشن کی موجودہ پیداواری صلاحیت ایک ہزار میگاواٹ ہے ، اپ گریڈیشن کے بعد 310 میگاواٹ مزید اضافہ ہو جائیگا 7 ء سے اب تک منگلا ڈیم ملک کی اقتصادی اور معاشرتی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے ‘ لیفٹیننٹ (ر) جنرل مزمل حسین

جمعرات 29 دسمبر 2016 17:24

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 دسمبر2016ء) چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ (ر) جنرل مزمل حسین نے کہا ہے کہ واپڈا ،منگلا ہائیڈل پاور سٹیشن کی اپ گریڈیشن منصوبے پر کام کر رہا ہے، منصوبے کا منظورشدہ پی سی ۔ون 52 ارب 22 کروڑ 40لاکھ روپے پر مشتمل ہے ، اِس منصوبے کی تکمیل پر منگلا ہائیڈل پاور سٹیشن کی موجودہ پیداواری صلاحیت ایک ہزار میگاواٹ سے بڑھ کر ایک ہزار 310میگاواٹ ہو جائے گی ۔

چیئرمین واپڈا نے اِن خیالات کا اظہار منگلا ڈیم کے دورے کے موقع پر کیا ۔ اِس دوران اُنہوںنے مرکزی ڈیم ، سپل وے اور ہائیڈل پاور سٹیشن کا تفصیلی دورہ کیا ۔ اُنہوں نے میر پور کے نواحی علاقے خالق آباد کا بھی دورہ کیا ، جہاں ڈیم انتظامیہ نے ریزروائر رِم (Reservoir Rim) کو مضبوط بنانے کے لئے بحالی کا کام کیا تھا ۔

(جاری ہے)

اِس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے کہا کہ 1967ء میں اپنی تکمیل کے بعد سے اب تک منگلا ڈیم ملک کی سماجی ترقی اور اقتصادی استحکام میں اہم کردار ادا کر تا چلا آرہا ہے ، منگلا ڈیم زرعی مقاصد کے لئے پانی مہیا کرتا ہے ، سیلاب کنٹرول کرنے میں مدد کرتا ہے اور قومی نظام کو سستی پن بجلی فراہم کرتا ہے ۔

منگلا ہائیڈل پاور سٹیشن کی اپ گریڈیشن منصوبے کا حوالہ دیتے ہوئے اُنہوںنے کہا کہ واپڈانے پن بجلی کے وسائل کو بھر پور طور پر استعمال میں لانے کے لئے دو جہتی حکمت ِ عملی وضع کی ہے، جس کے تحت ملک میں پن بجلی کے نئے منصوبوں پر تعمیراتی کام کا آغاز بھی کیا جارہا ہے اور ساتھ ہی موجودہ ہائیڈل پاور سٹیشنوں کی بحالی اور اپ گریڈیشن بھی کی جارہی ہے، تاکہ بجلی کے قومی نظام میں ماحول دوست اور کم لاگت پن بجلی کے تناسب میں اضافہ کیا جاسکے ۔

اُنہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منگلا ہائیڈل پاور سٹیشن کی اپ گریڈیشن کا کام طے شدہ شیڈول کے مطابق مکمل کیا جائے ۔چیئرمین واپڈا نے منگلا جھیل میں پانی کے ساتھ آنے والی مٹی کی مقدار کو کم کرنے کے لئے منگلا واٹر شیڈ مینجمنٹ پراجیکٹ کے کامیاب عملدرآمد پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ واٹر شیڈ مینجمنٹ کی وجہ سے منگلا جھیل کی عمر میں قابلِ ذکر اضافہ ہوچکا ہے ۔

بریفنگ کے دوران چیئرمین واپڈا کو بتایا گیا کہ 2011 ء میں منگلا ڈیم ریزنگ پراجیکٹ کی تکمیل کے بعد منگلا ریزروائر اب ملک میں پانی کا سب سے بڑا ذخیرہ ہے ، جس میں زرعی مقاصد کے لئے 7.48ملین ایکڑ فٹ پانی جمع کیا جاسکتا ہے ۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ منگلا ہائیڈل پاور سٹیشن کی اپ گریڈیشن کا منصوبہ مختلف مراحل میں مکمل کیا جائے گا ۔ ایک وقت میں ایک ٹنل کو بند کیا جائے گا اور اِس پر نصب دو یونٹوں کی اپ گریڈیشن کی جائے گی ۔ پہلے دو یونٹوں کی اپ گریڈیشن دسمبر 2018 میں مکمل ہوگی ، دسمبر 2019 ء میں دو اور دسمبر2020 ء میں مزید دو یونٹوں کی اپ گریڈیشن کا کام مکمل کر لیا جائے گا ۔منگلا ہائیڈل پاور سٹیشن کے تمام 10 یونٹوں کی اپ گریڈیشن 2024ء تک مکمل ہو جائے گی ۔

متعلقہ عنوان :