انتہاء پسندی ، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے مسلم ممالک کو سنجیدہ اقدامات اٹھانے ہوں گے ‘ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی

عالمی اسلامی عسکری اتحاد میں عمان کا شامل ہونا بہتر قدم ہے ، شام ، عراق کے بعد داعش اور دیگر انتہاء پسند تنظیموں اور ان کے سرپرستوں کا ہدف سعودی عرب ، ترکی اور پاکستان ہیں، باہمی اتحاد سے ہی دہشت گردوں کو شکست دی جا سکتی ہے‘چیئرمین پاکستان علماء کونسل

جمعرات 29 دسمبر 2016 17:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 دسمبر2016ء) انتہاء پسندی ، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے مسلم ممالک کو سنجیدہ اقدامات اٹھانے ہوں گے ،عالمی اسلامی عسکری اتحاد میں عمان کا شامل ہونا بہتر قدم ہے ، شام ، عراق کے بعد داعش اور دیگر انتہاء پسند تنظیموں اور ان کے سرپرستوں کا ہدف سعودی عرب ، ترکی اور پاکستان ہیں، باہمی اتحاد سے ہی دہشت گردوں کو شکست دی جا سکتی ہے ۔

یہ بات پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے اپنے ایک بیان میں کہی ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی اسلامی عسکری اتحاد کی منظم کوششوں سے عالم اسلام موجودہ بحران سے باہر نکل سکتا ہے ۔ عمان کو اتحاد میں شامل کرنے کیلئے سعودی عرب اور دیگر اسلامی ممالک کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر داعش نہ ہوتی تو آج عراق اور شام کی صورتحال مختلف ہوتی ۔

داعش کے نام پر روس ، ایران اور دیگر قوتوں کو حلب میں داخل ہونے کا موقع ملا۔ اسی طرح عراق کے مختلف شہروں میں داعش کے آنے کی وجہ سے عراقیوں کے ساتھ جو سلوک ہو رہا ہے وہ ناقابل بیان ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنرل راحیل شریف اگر عالمی اسلامی عسکری اتحاد کی معاونت کرتے ہیں تو یہ ایک مستحسن اور قابل قدر عمل ہو گا۔ جنرل راحیل شریف نے آپریشن ضرب عضب میں دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے خاتمے کیلئے قائدانہ کردار ادا کیا، جس کی پوری دنیا معترف ہے اور جنرل راحیل شریف کے بطور دفاعی مشیر کے عالمی اسلامی عسکری اتحاد میں شامل ہونے سے پاکستانی قوم اور پاکستان کا عزت و وقار اسلامی دنیا میں مزید بلند ہو گا۔