ڈی ریگولیشن کے بعد سندھ میں سی این جی کی قیمت میں ساڑھے 3روپے فی کلو اضافہ ،71روپے فی کلو تک پہنچ گئی

دوسرے مرحلے میں یکم جنوری کو خیبرپختونخوا ہ اور بلوچستان میں بھی سی این جی کی قیمت میں اضافہ کا امکان ہے

جمعرات 29 دسمبر 2016 15:22

کراچی /لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 دسمبر2016ء) ڈی ریگولیشن کے بعد سی این جی اسٹیشن مالکان نے سندھ بھر میں سی این جی کی قیمت میں ساڑھے 3روپے فی کلو اضافہ کردیا جس کے بعد گیس کی نئی قیمت 71 روپے فی کلو ہوگئی ۔تفصیلات کے مطابق سی این جی کی قیمتیں ڈی ریگولیشن کرنے کے اثرات سامنے آنا شروع ہو گئے ۔سی این جی پمپ مالکان نے سی این جی کی قیمت میں اضافہ کردیا ہے قیمتوں میں ڈھائی سے ساڑھے تین روپے فی کلو اضافے سے سندھ بھر میں سی این جی کی قیمت 70تا 71 روپے فی کلو ہوگئی ہے۔

واضح رہے کہ ڈی ریگولیشن کیے جانے کے بعد سندھ میں سی این جی کی قیمت میں پہلا اضافہ ہے ۔ڈی ریگولیشن کے بعد سندھ میں سی این جی پمپس مالکان کوقیمت مقررکرنے کی اجازت ہے۔واضح رہے کہ قیمتوں میں اضافے کے اختیار کے فیصلے کے وقت سی این جی مالکان کی جانب سے حکومت کو اس بات کی یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ سی این جی کی قیمت کو پٹرول کی قیمت سے 30فیصد سستا رکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

سی این جی مالکان کے مطابق دوسرے مرحلے میں خیبرپختونخوا ہ اور بلوچستان میں بھی سی این جی کی قیمت میں اضافہ کیا جائے گا۔ خیبرپختونخوا ہ اور بلوچستان کے مالکان ایف بی آر سے معاملات طے کرنے میں مصروف ہیں جس کے بعد نئی قیمتوں کا اعلان کیا جائے گا۔ یکم جنوری کو پٹرول کی نئی قیمت سامنے آنے کے بعد خیبر پختوانخواہ اور بلوچستان میں سی این جی کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔