ٹیوٹا آئندہ ماہ سے 4ماہ دورانیہ کا مفت مائیکرو سافٹ سرٹیفائڈکورس شروع کر رہی ہے ‘ عرفان قیصر شیخ

یہ کورس مائیکرو سافٹ ادارے کے تعاون سے صوبہ بھر میں ٹیوٹا اداروںمیں متعارف کروایا جا رہا ہے‘ چیئرپرسن ٹیوٹا

جمعرات 29 دسمبر 2016 14:53

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 دسمبر2016ء) ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا) آئندہ ماہ سے 4ماہ دورانیہ کا مفت مائیکرو سافٹ سرٹیفائڈکورس شروع کر رہی ہے ،یہ کورس مائیکرو سافٹ ادارے کے تعاون سے صوبہ بھر میں ٹیوٹا اداروںمیں متعارف کروایا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار چیئرپرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے آئی ٹی کورس کے آغاز کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر چیف آپریٹنگ آفیسر ٹیوٹا جواد احمد قریشی، ٹیوٹا افسران اختر عباس بھروانہ ،عامر عزیز، اظہر اقبال شاد ، مقصود احمد، مصطفی کمال پاشا، عائشہ قاضی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔عرفان قیصر شیخ نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی موجودہ دور میںاہم ٹیکنالوجی کی شکل اختیار کر چکی ہے جس نے طرز زندگی بالخصوص صنعتی شعبہ جات میں انقلاب برپا کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

انفارمیشن ٹیکنالو جی نے نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ یہ پروگرام مقامی وعالمی مارکیٹ کی آئی ٹی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دیا گیا ہے۔ چیئر پر سن ٹیوٹا نے مزید کہا کہ ٹیوٹا اور مائیکروسافٹ کے درمیان تعاون وزیر اعلی پنجاب کی صوبہ بھر میں آئی ٹی کو متعارف کروانے کے ویژن کے مطابق ہے۔18سال یا زائد عمر کے میٹرک پاس امیدوار کورس میں داخلہ کیلئے اہل ہونگے۔ دوران تربیت ہر ٹرینی کو 1000روپے ماہانہ وظیفہ بھی دیا جائے گا۔ٹیوٹا اس کورس کی تربیت اور امتحانات کے اخراجات خود برداشت کرے گی۔آئی ٹی کورس میں کامیاب نوجوانوں کو مائیکرو سافٹ سرٹیفکیٹ مہیا کرے گا۔