نادرا سے متعلق 18 ہزار620 شکایات نمٹا دی گئی ہیں، حافظ احسان احمد کھوکھر

جمعرات 29 دسمبر 2016 14:23

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 دسمبر2016ء) وفاقی محتسب کے سمندر پار پاکستانیوں کے لئے گریویئنس کمشنر اورسینئر ایڈوائزر حافظ احسان احمد کھوکھر نے کہا ہے کہ نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) سے متعلق 18 ہزار620 شکایات نمٹا دی گئی ہیں۔ جمعرات کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ گذشتہ تین سالوں کے دوران نادرا کے خلاف بڑی تعداد میں شکایات نمٹائے جانے سے ہزاروں سمندر پار پاکستانیوں کو ریلیف ملا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ شکایات زیادہ تر سی این آئی سی کے اجراء و تجدید ، پاکستانی اوریجن کارڈ اور بچوں کے ب فارم اورنائیکاک کے اجراء سے متعلق تھیں۔ انہوںنے بتایاکہ پی او سی اورنائیکاک سے متعلق شکایات 45دنوں کے اندر نمٹائی جاتی ہیں، یہ شکایات نہ صرف پاکستان بلکہ نیوزی لینڈ، ہالینڈ، جرمنی، اٹلی ، یو ایس اے اور مشرق وسطیٰ سمیت دنیا کے مختلف ممالک سے موصول ہوئیں۔ انہوں نے بتایا کہ وفاقی محتسب کے فیصلوں کے خلاف صرف 34 اپیلیں صدر پاکستان کے پاس بھجوائی گئیں اور99 فیصد سے زائد کیسوںمیں وفاقی محتسب کا فیصلہ برقرار رکھا گیا۔ انہوںنے کہا کہ سمندر پارپاکستانیوں سمیت تمام شہریوں نے وفاقی محتسب کی کوششوں کو سراہا ہے ۔

متعلقہ عنوان :