باغبانوں کوماہ جنوری کے دوران کھجور کے پودوں کو فاسفورس کھاد کی پوری اور نائٹروجن کی نصف مقدار ڈالنے کی ہدایت

جمعرات 29 دسمبر 2016 13:23

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 دسمبر2016ء)ماہرین زراعت نے ماہ جنوری کے دوران کھجور کے پودوں کو فاسفورس کھاد کی پوری اور نائٹروجن کی نصف مقدار ڈالنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ ماہ جنوری کے دوران کھجور کے پودوں کو فاسفورس اور نائٹروجن کھاد کی اشد ضرورت ہوتی ہے لہٰذا بروقت کھاد نہ ڈالنے کی صورت میں پودے کی بڑھوتری متاثر ہو سکتی ہے اس لئے اس ضمن میں کسی غفلت کا مظاہرہ نہ کیاجائے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ پھل نہ دینے والے کھجور کے پودوں کیلئے بھی ضروری ہے کہ انہیں نصف کیمیائی کھاد کے علاوہ گوبر والی کھاد بھی فراہم کی جائے ۔ انہوںنے بقیہ کھاد اگلے ماہ فروری کے آخری ہفتہ میں ڈالنے کی بھی ہدایت کی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ کھادکے تنے سے ایک فٹ دور درخت کی شاخوں کے پھیلائو کے برابر زمین میں ڈال کر اچھی طرح گوڈی کرنے سے اس کے بہترین نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں ۔