سفوفی پھپھوندی تیلدار اجناس کی فصلات کو نقصان پہنچا سکتی ہے،ترجمان محکمہ زراعت

جمعرات 29 دسمبر 2016 13:06

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 دسمبر2016ء) محکمہ زراعت فیصل آباد کے ترجمان نے کہاہے کہ سفوفی پھپھوندی تیلدار اجناس کی فصلات کو نقصان پہنچا سکتی ہے لہٰذاپتوں ، ٹہنیوں ، پھلیوں پر سیاہ و بھورے دھبے نظر آتے ہی فوری تدارکی اقدامات یقینی بنانے چاہئیں ، یہاں ایک ملاقات کے دوران انہوںنے رایا اور سرسوں کے کاشتکاروں کو ہدایت کی کہ وہ فصل کو مختلف بیماریوں کے حملہ سے محفوظ رکھنے کیلئے محکمہ زراعت اور ماہرین زراعت کے مشوروں پر عملدرآمد یقینی بنائیں تا کہ بعد میں انہیں کسی مشکل یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔

انہوںنے کہا کہ سفوفی پھپھوندی کے حملہ سے رایا اور سرسوں کے پتے جھڑ جاتے ہیں ، تنے گل جاتے ہیں اور پھلیاںبننے کا عمل بھی بری طرح متاثر ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ فصل پر جھلسائو کی بیماری کے ممکنہ حملے سے پتوں ، ٹہنیوں ، پھلیوں پر سیاہ و بھورے دھبے پڑنا شروع ہو جاتے ہیں جس سے پتوں میںسوراخ ہو جاتے ہیں اور ان بیماریوں کے شدید حملہ کی صورت میں پھلیاں پتلی اور چھوٹی رہ جاتی ہیں۔

انہوںنے بتایاکہ سفید کنگھی پھولوں پر حملہ آور ہوتی ہے جس سے پھول بد شکل ہو جاتے ہیں ، بیج بننا بند اور پودوں کے متاثرہ حصوں میں سڑن پیدا ہوجاتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ ایسی صورت میں ماہرین زراعت کی مشاورت سے سفارش کردہ زہروں کا بھی استعمال کیا جاسکتاہے۔انہوںنے مزید کہا کہ کاشتکار کسی بھی رہنمائی یا مشاورت کے سلسلہ میں صبح 8سے رات 8بجے تک فری ایگریکلچرل ہیلپ لائن پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :