پنجاب سمیت سندھ کے اکثر علاقوں میں دھند کا راج،نظام زندگی مفلوج

کراچی میں حد نگاہ سو میٹر رہ گئی ، دفاتر جانے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا،پروازوں کا شیڈول متاثر ، استنبول،دمام اورجدہ سے آنیوالی پروازوں کی آمد میں تاخیر، سکھر، رحیم یارخان، بمبئی، بہاولپور اور فیصل آباد جانے والی پروازیں منسوخ شہری شدید دھند میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں ،دوران سفر فوگ لائٹس کا استعمال یقینی بنائیں،ترجمان موٹروے پولیس

جمعرات 29 دسمبر 2016 11:52

پنجاب سمیت سندھ کے اکثر علاقوں میں دھند کا راج،نظام زندگی مفلوج
لاہور/کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 دسمبر2016ء) پنجاب سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں دھند نے ڈیرے جما لئے، کراچی میں حد نگاہ سو میٹر رہ گئی جس کے باعث دفاتر جانے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جب کہ پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا۔ نیشنل ہائی وے، ملیر، یونیورسٹی روڈ، ایئرپورٹ اور اطراف کے علاقوں میں دھند نے ڈیرے جما لئے۔

دھند کے باعث شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ٹریفک کی روانی بھی متاثر رہی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا درجہ حرارت سولہ سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ شہر میں حدنگاہ سو میٹر رہ گئی اور ہوا میں نمی کا تناسب چورانوے فیصد ہے۔ شہر میں دھند کے باعث اندرون اور بیرون ملک سے آنے اور جانے والی پروازیں بھی متاثر ہوئیں۔

(جاری ہے)

استنبول،دمام اورجدہ سے آنیوالی پروازوں کی آمد میں تاخیر جبکہ سکھر، رحیم یارخان، بمبئی، بہاولپور اور فیصل آباد جانے والی پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔

دوسری جانب پنجاب کے بیشتر اضلاع رات بھر شدید دھند کی لپیٹ میں رہے۔ شیخوپورہ، پنڈی بھٹیاں، فیصل آباد، گوجرہ، میاں چنوں اور ملتان سمیت کئی علاقوں میں دھند کے باعث حد نگاہ انتہائی کم رہی جس سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر رہی۔ حد نگاہ صفر ہو جانے پر موٹر وے ایم ٹو کو لاہور سے پنڈی بھٹیاں، ایم تھری فیصل آباد سے پنڈی بھٹیاں اور ایم فور گوجرہ تک ٹریفک کیلئے بند کیا گیا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ شہری شدید دھند میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور دوران سفر فوگ لائٹس کا استعمال یقینی بنائیں۔

متعلقہ عنوان :