مقامی حکومتوں کو اختیارات کی منتقلی، چیف سیکرٹری کی30 دسمبر تک انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت

انتظامی افسران بلدیاتی نمائندوں کو مکمل تعاون فراہم کریں ، کیپٹن(ریٹائرڈ) زاہد سعیدکا ڈی سی اوز کانفرنس سے خطاب

بدھ 28 دسمبر 2016 23:31

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 دسمبر2016ء) چیف سیکرٹری پنجاب کیپٹن(ریٹائرڈ) زاہد سعید نے تمام ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن آفیسرز کو ہدایت کی ہے کہ مقامی حکومتوں کو اختیارات کی منتقلی کیلئے تمام انتظامات 30دسمبر تک مکمل کر لئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کی سطح پر ہیلتھ اور ایجوکیشن اتھارٹیز کے قیام ، اثاثوں اور واجبات کی تقسیم اور مالی معاملات سے متعلق تیاری مکمل رکھی جائے تاکہ ٹرانزیشن کا عمل باطریق احسن سر انجام دیا جا سکے۔

وہ سول سیکرٹریٹ میں ڈی سی اوز کانفرنس کی صدارت کررہے تھے۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ تمام انتظامی افسران نومنتخب بلدیاتی نمائندوں کو مکمل تعاون فراہم کریں ۔ انہوں نے کہا کہ نئے بلدیاتی نظام کی فعالیت سے عوام کے مسائل انکے گھر کی دہلیز پر حل کرنے میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہدایت کی کہ انتظامی افسران نئے بلدیاتی نظام کو مستحکم بنیادوں پر استوار کرنے کے لئے بھرپور کردار ادا کریں۔

انہوں نے حکم دیا کہ خادم پنجاب سکولز پروگرام کے تحت سکولوں میں نئے کلاس رومز کی تعمیر میں معیار اور بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔ کانفرنس کو بریفنگ دیتے ہوئے سیکرٹری بلدیات نے ٹرانزیشن کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری کیں۔ کانفرنس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، سیکرٹری مواصلات و تعمیرات، سیکرٹری صحت،سیکرٹری سروسسز نے شرکت کی جبکہ ڈویژنل کمشنرز کانفرنس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

متعلقہ عنوان :