اسلامی پاکستان خوشحال پاکستان کیلئے ملک میں شریعت محمدؐی کو نافذ کیا جائے، ذکر اللہ مجاہد

کی امت آج باطل قوتوں کے نرغے میں پھنسی ہوئی ہے‘ امیر جماعت اسلامی لاہور کا سیرت البنیؐ کانفرنس سے خطاب

بدھ 28 دسمبر 2016 23:03

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 دسمبر2016ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکراللہ مجاہد نے کہاہے کہ ملک میں امن و امان ، عدل و انصاف ، روزگار کی فراہمی اور اسلامی پاکستان خوشحال پاکستان کیلئے ملک میں شریعت محمدؐی کو نافذ کیا جائے۔ ان خیالا ت کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے جماعت اسلامی زون 140کے زیر اہتمام سیرت البنی ؐ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

کانفرنس سے مولانا نورالٰہی خطیب جامع مسجد چاہ پچھواڑہ ، پروفیسر قلبِ بشیر خاوربٹ ، زون140 کے امیر و وائس چیئرمین ملک محمد منیر، جنرل سیکرٹری پی پی 140محمود شیخ ، رہنماجماعت اسلامی سابق ممبر قومی اسمبلی حافظ سلمان بٹ ، نائب امیر زون140ضمیر احمد خان،ملک محمد جاوید ، ارشد خان بونیری ، توفیق جاوید ، توقیر اسلام، اسلم قریشی ودیگر رہنمائوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ پاکستانی قوم اس وقت معاشرتی ، تہذہبی ، تمدنی، لسانی اور سیاسی لحاظ سے خطرات و مسائل کا شکار ہے ۔ ہمارے ملک کے حکمران ہر شعبے میں کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے ہیں ، تعلیم ، صحت ، روزگار اور انصاف سمیت تمام معاملات میں عام اور غریب آدمی مہنگائی اور بے روزگاری کی چکی میں پس رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی ملک میں اسلامی نظام اور مظلوم و محروم عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے کوشاں ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بنیؐ کی امت آج باطل قوتوں کے نرغے میں پھنسی ہوئی ہے اور ہمیں بحیثیت مسلمان آپﷺ کا اُمتی ہونے کے ناطے تعلیمات نبویؐ کے فروغ میں اہم کردار ادا کرنا ہو گا اور اسلام کے صحیح تصور اجاگر کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ۔آپ ﷺ کی تعلیمات دنیا اور آخرت میں کامیابی کیلئے سرچشمہ ہدایت ہیں ۔رسولﷺ ؐ سے محبت کا تقاضا ہے کہ ان کی لائی ہوئی تعلیمات پر نہ صرف خود عمل کریں بلکہ معاشرے میں بھی ان تعلیمات کے فروغ کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں ۔