علمی وادبی اداروں کو پوری طرح فعال اور متحرک بناکر انتہاپسندی اور دہشت گردی جیسی بیماریوں پر موثر طریقے سے قابو پایاجاسکتا ہے‘وزیراعظم کی مشیر برائے قومی تاریخ وادبی ورثہ سے ملاقات میں گفتگو

عرفان صدیقی کی وزیراعظم کو جنوری کے پہلے ہفتے میں منعقد ہونے والی اہل قلم کانفرنس میں شرکت کی دعوت

بدھ 28 دسمبر 2016 21:24

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 دسمبر2016ء) وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ علمی وادبی اداروں کو پوری طرح فعال اور متحرک بناکر انتہاپسندی اور دہشت گردی جیسی بیماریوں پر موثر طریقے سے قابو پایاجاسکتا ہے۔ یہ بات انہوں نے مشیر برائے قومی تاریخ وادبی ورثہ عرفان صدیقی سے گفتگوکرتے ہوئے کہی جنہوں نے آج یہاں وزیراعظم سے ملاقات کی۔

وزیراعظم نے کہاکہ شاعر، ادیب اور دانشور قوم کا عظیم سرمایہ ہیں۔

(جاری ہے)

ان کی فلاح وبہبود کے لئے جامع منصوبہ بندی کی جائے۔ وزیراعظم نے کہاکہ کتاب اور علم وادب سے دور ہوجانے والے معاشرے کمزور ہوجاتے ہیں۔ لوگوں میں اتفاق و یکجہتی پیداکرنے اور نوجوانوں کے دلوں میں وطن عزیز کی محبت کے ساتھ ساتھ عزم ویقین پیدا کرنے کے لئے اہل علم وادب کو مرکزی کردار ادا کرنا ہوگا۔ عرفان صدیقی نے وزیراعظم کو اپنی وزارت کے تحت چلنے والے اداروں کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے وزیراعظم کو جنوری کے پہلے ہفتے میں منعقد ہونے والی اہل قلم کانفرنس میں شرکت کی دعوت بھی دی۔ ( ع ع )

متعلقہ عنوان :