کامسیٹس یونیورسٹی ایبٹ آباد میں نمایاں حیثیت کے حامل طلبہ کیلئے خصوصی تقریب تقسیم انعامات و سرٹیفکیٹ

بدھ 28 دسمبر 2016 21:23

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 دسمبر2016ء) کامسیٹس یونیورسٹی ایبٹ آباد میں تعلیمی میدان میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے اور نمایاں حیثیت کے حامل طلبہ کیلئے ایک خصوصی تقریب تقسیم انعامات و سرٹیفکیٹ منعقد کی گئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی سٹیشن کمانڈر ایبٹ آباد بریگیڈیئر محمد مختیار تھے۔ تقریب میں 194 طلباء کو جنہوں نے اپنی کلاس میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی تھی، سرٹیفکیٹ اور انعامی چیک دیئے گئے۔

تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر کامسیٹس پروفیسر ڈاکٹر خان گل جدون نے اپنے خطاب میں کامسیٹس ایبٹ آباد کی نمایاں کارکردگی کا ذکر کیا۔ ڈائریکٹر کامسیٹس نے والدین اور طلبہ کو نمایاں پوزیشن حاصل کرنے پر مبارکباد دی جبکہ سٹوڈنٹس آفیئرز ڈیپارٹمنٹ کی کوششوں کی تعریف کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے ان کوششوں کا خاص طور پر ذکر کیا جن کی بدولت کامسیٹس یونیورسٹی کو پاکستان کی صف اول کی یونیورسٹیوں میں اعلیٰ ترین مقام حاصل ہوا ہے۔

ڈائریکٹر کامسیٹس ڈاکٹر خان گل جدون نے حکومت خاص طور پر افواج پاکستان کا شکریہ ادا کیا کیونکہ کامسیٹس کی موجودہ زمین افواج پاکستان نے 2001ء میں تحفہ کے طور پر پاکستانی قوم کو عطا کی۔ ڈاکٹر خان گل جدون نے وقار ایوب کا خصوصی شکریہ ادا کیا جن کی کوششوں سے کامسیٹس کے نئے کیمپس کا حصول ممکن ہوا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی نے اپنے خطاب میں کامسیٹس یونیورسٹی کے ڈائریکٹر انتظامیہ اور پروفیسرز صاحبان کی قابلیت، محنت اور لگن کی تعریف کی۔

مہمان خصوصی نے اس موقع پر والدین کو بتایا کہ وہ اس بات پر مبارکباد کے مستحق ہیں کہ انہوں نے اپنے بچوںکی تعلیم کو جاری رکھنے کیلئے کامسیٹس جیسے معیاری اور نظم و ضبط والے ادارے کا انتخاب کیا۔ اس موقع پر انعامات وصول کرنے والوں میں عاتقہ قریشی نے سی جی پی اے 3.89، یوسف علی سی جی پی اے 3.67، اظبار خان سی جی پی اے 3.84، نورین نعیم سی جی پی 3.94، ارم بی بی سی جی پی اے 3.95 شامل ہیں۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء کی تواضع بھی کی گئی۔