ایم کیوایم پاکستان کا 30دسمبر کا جلسہ ایک اور تاریخ رقم کرے گا

بدھ 28 دسمبر 2016 21:23

حیدرآباد28دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 دسمبر2016ء) 30 دسمبر کا جلسہ حق پرست عوام کے اتحا دکا منہ بولتا ثبوت اور سازشی عناصر کے منہ پر طمانچہ ہو گا ۔ان خیالات کا اظہار ایم کیوایم پاکستان ڈسٹرکٹ حیدرآباد آرگنائزر و ایم پی اے راشد خلجی نے لطیف آباد میں ایم کیو ایم کے ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیااجلاس میں ایم کیو ایم حیدرآباد کے جوائنٹ انچارجز و اراکین زونل کمیٹی ،حق پرست میئر حیدر آباد سید طیب حسین ،ارکان اسمبلی صابر حسین قائمخانی،زبیر احمد خان ،بلدیاتی نمائندے ،چیئرمین ،وائس چیئرمین ،کونسلرز ،سیکٹرز و یونٹس کے ذمہ داران اور شعبہ خواتین کی ذمہ دار ان باجیوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

راشد خلجی نے مزید کہا کہ نشتر پارک کی حق پرستانہ جدو جہد میں ایک تاریخی حیثیت اور مقام ہے جبکہ 30دسمبر کا جلسہ اس کی تاریخی حیثیت میں ایک اور تاریخ رقم کرے گا ،انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم کی عظیم جدو جہد بہت جلد اپنا مقصد حاصل کرے گی اور سازشی عناصر ناکام اور رسوا ہونگے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بہت جلد حیدرآباد شہر میں بھی حق پرستوں کا ایک تاریخی جلسہ ہو گا جو کہ مفاد پرستوں کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہو گا کیونکہ حیدرآباد کی حق پرست عوام ایم کیوایم کے پرچم تلے متحد و منظم ہیں اور کوئی بھی ضمیر فروش و مفاد پرست ان کے اتحاد کو منتشر نہیں کرسکتا ۔

اجلاس سے جوائنٹ ڈسٹرکٹ انچارج راشد ممتاز نے اپنے خطاب میں کہاکہ احساس ذمہ داری کے ساتھ ہمیں اپنے اتحاد کو مضبوط سے مضبوط تر بنانا ہے اور کامیابی ہمیشہ اس قوم کا مقدر بنی جو اپنے نظریئے پر گامزن رہی اور اپنے اتحا د کو کبھی بھی منتشر نہیں ہونے دیا ۔انہو ں نے کہاکہ سچائی پر مبنی مردم شماری کی گئی تو سندھ میں ہر طرف حق پرست ہی نظر ائیں گے اور اگلا آنے ولا چیف منسٹر بھی حق پرست ہی ہو گا۔

اجلاس سے حق پرست میئر سید طیب حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اچھی کوششیں ہی اچھے نتائج بر آمد کرتی ہیں اور حق پرست نمائندوں ہمیشہ اپنی بساط کے مطابق عوامی خدمت کیلئے اچھے اقدامات کئے ۔انہوں نے کہاکہ ہم نہ مناسب حالات میں بھی عوامی خدمت کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے یہ ہی ایم کیو ایم کی طرز سیاست ہے اجلاس سے شعبہ خواتین کی انچارج روبینہ رضی نے بھی خطاب کیا۔