زہریلی شراب سپلائی کرنے والے چار ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے ،ڈی پی او

بدھ 28 دسمبر 2016 21:17

ٹوبہ ٹیک سنگھ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 دسمبر2016ء)زہریلی شراب سپلائی کرنے والے چار ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے ،ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ عثمان اکرم نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ شراب فروش ساون جان مسیح ،شاہد اور قاسم کو گرفتار کرلیا گیا ہے ،جن سے تفتیش جاری ہے ،ڈی پی او نے بتایا کہ ملزمان شاہد اور قاسم بھائی ہیں ،جبکہ ملزم اشفاق ان کے ہاں ملازم ہے جو کہ دکانات پر آفٹر شیو کیمیکل سپلائی کا کام کرتا ہے ،ملزمان نے کرسمس کے موقع پر فروخت کی جانے والی شراب کی مقدار کو بڑھانے کیلئے شاہد سے آفٹر شیو کیمیکل خرید کر اس میں مکس کردیا ،اور وہ شراب کرسمس کے تہوار پر مسیحی برادری کو فروخت کردی ،جس سے 45 انسانی جانوں کا ضیاع ہوا ،جبکہ 20سے زائد لوگ ہسپتال میں زیر علاج ہیں ،جن میں سے پانچ کی حالت انتہائی تشویش ناک بتائی جارہی ہے ،ڈی پی او نے کہا کہ اقبال عرف راکا اور ساجد مسیح زہریلی شراب پینے سے ہلاک ہو چکے ہیں،باقی ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی ،جبکہ دوسری طرف ہلاک ہونے والے افراد کے ورثاء نے میڈیا کو بتایا ہے کہ تھانہ چٹیانہ میں بطور خاکروب تعینات ساون مسیح تھانہ کے مال خانہ سے 20لیٹر شراب کا کین لیکر آیا ،اور شراب کو دو آتشہ کرنے کیلئے اس میں کیمیکل ملا دیا ،واضح رہے کہ زہریلی شراب پینے سے پولیس لائن میں تعینات خاکروب ساجد بھی ہلاک ہوچکا ہے ۔