قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے چوری ڈکیتی ،دیگر جرائم کی سزائوں میں اضافہ کے ترمیمی بل 2014ء کی منظوری دیدی

چوری کی سزا 3سال سے 5 سال کرنے ، چیک فراڈ پرزرضمانت چیک کی مالیت سے دگنا کرنے سمیت دیگر جرائم کی سزائوں میںاضافے کی تجویز دی گئی ہے

بدھ 28 دسمبر 2016 20:49

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 دسمبر2016ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے چوری ڈکیتی اوردیگر جرائم کی سزائوں میں اضافہ کے ترمیمی بل 2014ء کی منظوری دیدی، چوری کی سزا 3سال سے 5 سال کرنے جبکہ چیک فراڈ پرزرضمانت چیک کی مالیت سے دگنا کرنے کی تجویز دی گئی ہے ۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں سیکرٹری داخلہ عارف احمد خان نے مختلف قوانین میں ترامیم پربریفنگ دی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سیکرٹری داخلہ نے بتایا کہ اسلحہ لائسنس کے اجرا ء کے لئے سفارشات تیار کرلی ہیں، کوشش ہے کہ معاشرے میں جن لوگوں کو ضرورت ہے انہیں اسلحہ لائسنس دیا جائے، جبکہ جنوری میں اس حوالے سے فیصلہ ہوجائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس دوران تلاشی گاڑی میں موجود لائسنس یافتہ اسلحہ برکارروائی نہیں کرسکتی، لائسنس یافتہ اسلحہ گاڑی میں رکھا جاسکتا ہے۔کمیٹی نے دیگر جرائم پر بھی سزائوں میں اضافے کی تجاویز دی ہیں۔