ْشریف سلطنت کے خاتمے کیلئے بننے والے اپوزیشن الائنس کا خیر مقدم کرینگے‘ خرم نواز گنڈا پور

قصاص تحریک، عوامی تحریک کی اجتماعی انتخابی سیاست میں اہم کردار ادا کرے گی‘سیکرٹری جنرل عوامی تحریک

بدھ 28 دسمبر 2016 20:44

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 دسمبر2016ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ شریف سلطنت کے خاتمے کیلئے بننے والے اپوزیشن الائنس کا خیر مقدم کرینگے ،عوامی تحریک سانحہ ماڈل ٹائون کے قاتلوں اور پانامہ لیکس کے کرپٹ کرداروںکو کٹہرے میں کھڑ ا دیکھنا چاہتی ہے ،ہم نے شریف برادران کے مظالم کا ڈٹ کر مقابلہ کیا آئندہ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔

وہ گزشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ میں پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں سے گفتگو کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ سیاسی مدوجزر پر نظر ہے ۔ہم خیال سیاسی جماعتوں کے رابطوں میں ہیں ،قصاص تحریک، عوامی تحریک کی اجتماعی انتخابی سیاست میں اہم کردار ادا کرے گی ،کیونکہ ہماری جدوجہد ظلم اور استحصالی نظام کے خلاف ہے ۔انہوں نے کہا کہ بظاہر سیاسی سوداگروں نے پورے نظام کو اپنی مٹھی میں بند کر رکھاہے مگر جب یہ مٹھی کھلے گی تو بہت کچھ کھلے گا اور پھر حکمرانوں کو ان کے محلات اور ہمسایہ ملک کے دوست بھی پناہ نہیں دے سکیں گے ۔انہوں نے کہاکہ ظلم کا نظام اور سیاست زیادہ دیر تک نہیں چل سکتی۔ظالم حکمرانوں کا یوم حساب زیادہ دور نہیں بلکہ نوشتہ دیوار ہے۔

متعلقہ عنوان :