وحدت روڈ سلنڈر دھماکہ کے تین زخمی دم توڑ گئے ،14ہسپتال میں زیر علاج

واقعے کا مقدمہ ٹھیکیدار کمرشل بلڈنگ محمد نعیم کیخلاف درج کروا دیا گیا

بدھ 28 دسمبر 2016 20:42

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 دسمبر2016ء) صوبائی دارالحکومت کے علاقہ وحدت روڈ پر ملٹی نیشنل فوڈ چین کے کچن میں سلنڈر دھماکے سے لگنے والی آگ کی زد میں آکر زخمی ہونے والوں میں سے تین افراد جان کی بازی ہار گئے ،14زخمی ابھی بھی جناح ہسپتال کے برن یونٹ میں زیر علاج ہیں، واقعے اکامقدمہ ٹھیکیدار کمرشل بلڈنگ محمد نعیم کے خلاف کروادیاگیا۔

منگل کے روز مسلم ٹائون کے علاقہ وحدت روڈ پر واقع ملٹی نیشنل فوڈ چین کے ریسٹورنٹ کے کچن میں پڑے ایک سلنڈر میں گیس لیکج سے دھماکہ ہو گیا جس نے باہر پڑے سلنڈروں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔ دھماکے کے بعد شدید آگ بھڑک اٹھی جس نے کچن سے ملحقہ چائنہ سیل پوائنٹ کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔ سلنڈر دھماکے اور آگ لگنے سے 26افراد جھلس گئے تھے جنہیں طبی امداد کے لئے جناح ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

ہسپتال ذرائع کے مطابق زیر علاج شدید زخمیوں میں سے تین افراد مظفر ،زمان اور سلیم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے ۔بتایاگیا ہے کہ ہسپتال میں ابھی بھی 14مریض زیر علاج ہیں جنہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے ۔ ضلعی انتظامیہ لاہور نے زخمی ہو نے والے جناح ہسپتال میں داخل مریضوں کو بہتر ین طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے افسران و ملازمین کی ڈیوٹیاں لگائی ہوئی ہیںجو اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ ہسپتال میں داخل مریضوں کو طبی سہولیات کی فراہمی مسلسل جا ری رہے۔

گذشتہ شب داخل مریضوں کے لواحقین کو کھانا اور صبح کا ناشتہ بھی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے فراہم کیا گیا۔ڈی سی او لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان نے کہا ہے کہ مریضوں کوبہترین طبی سہولیات دی جا رہی ہیں ۔انہوں نے مزید بتایا کہ سلنڈر دھماکے کے واقعہ کا مقدمہ بھی درج کروا دیا گیا ہے۔مقدمہ کا اندراج ٹھیکیدار کمرشل بلڈنگ محمد نعیم کے خلاف چیف انسٹرکٹر ڈسٹرکٹ آفس سول ڈیفنس وقار احمد کی مدعیت میں کروایا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :