مٹھی بھر’’ غیر سنجیدہ عناصر‘‘ ملکی ترقی کی راہ میں رخنہ نہیں ڈال سکتے ‘رفیق رجوانہ

عوام سیاسی طور پر با شعور ہو چکے ہیں جنہوں نے اپنے ووٹ کے ذریعے ملک میں جمہوریت کے استحکام کی بنیاد رکھی پاکستان اور چین کے درمیان اعتماد ، عزت واحترام اور محبت کارشتہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مضبوط ہوتاجارہا ہے ‘گورنر پنجاب

بدھ 28 دسمبر 2016 20:42

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 دسمبر2016ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ مٹھی بھر’’ غیر سنجیدہ عناصر‘‘ ملکی ترقی کی راہ میں رخنہ نہیں ڈال سکتے ، تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں کو پہلے اپنے لہجے اور رویوں میں تبدیلی لانا ہو گی،عوام سیاسی طور پر با شعور ہو چکے ہیں جنہوں نے اپنے ووٹ کے ذریعے ملک میں جمہوریت کے استحکام کی بنیاد رکھی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان مسلم لیگ(ن) پنجاب کے تاجر ونگ کے وفد سے گفتگو کے دوران کیا جنہوں نے خواجہ خاور رشید کی قیادت میں ان سے ملاقات کی ۔ وفد میں محمد علی میاں، محمد زبیراور جعفر علی نے بھی شرکت کی۔گورنر پنجاب نے کہا کہ دیکھا جائے تو تاجر برادری کا اس ملک و قوم پر ایک قرض ہے جو تمام نا مساعد حالات اور مشکل صورتحال میں بھی معیشت کا پہیہ جاری رکھے ہوئے ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تاجروں اور کاروباری برادری کو سرمایہ کاری کا بہتر ماحول فراہم کرکے حکومت ان کا یہ قرض اتارے گی تاکہ وہ پہلے سے بہتر انداز میں تجارتی و کاروباری سر گرمیاں جاری رکھ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری غیر سیاسی ہیں جنہوں نے جمہوریت کو مستحکم کر نے کے لیے ہمیشہ اپنا مثبت کردار ادا کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملک و قوم کے اہم فیصلوں میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چل رہی ہے۔

، وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے تاجروں کے مسائل کے لیے اپنی نگرانی میں ایک کمیٹی بھی تشکیل دے رکھی ہے تا کہ سرمایہ کاروں کو اعتماد میں لے کر تاجر دوست پالیسیاں بنائی جا سکیں ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ تاجر برادی کو درپیش مسائل کے حل کے لیے وہ خود بھی اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں ۔ تاجروں کے وفد نے بتایا کہ صنعتوں کو بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں ریلیف دینے اور امن وامان کی صورتحال بہتر ہونے سے تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے جس کے ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہورہے ہیں۔

قبل ازیں، پاکستان سے سبکدوش ہونے والے لاہور میں چین کے قونصل جنرل مسٹر یو بورین سے گفت گو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ پا ک چین راہداری منصوبہ دونوں ملکوں کی دوستی کی عظیم مثال ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان اعتماد ، عزت واحترام اور محبت کا لازوال رشتہ ہے جو وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مضبوط سے مضبوط تر ہورہا ہے ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ چین نے ہر شعبے میں پاکستان کے ساتھ تعاون کیا ہے خصوصا اہم عالمی معاملات میں دونوں کا موقف یکساں ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے کوشاں ہے۔چین کے قونصل جنرل یو بورین نے کہا کہ پاکستانی قوم امن پسند اور محبت کرنے والی قوم ہے جو چین کو اپنا حقیقی بھائی تصور کرتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تعیناتی کے دوران یہاں کے لوگوں کی طرف سے ملنے والی محبت کبھی بھول نہیں سکیں گے۔

متعلقہ عنوان :