نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ پاکستان کے اساسی نظریے کے تحفظ اور فروغ کے لیے سرگرم عمل ہے، سید غوث علی شاہ

بدھ 28 دسمبر 2016 19:52

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 دسمبر2016ء) نظریہٴ پاکستان مملکت خداداد کی بنیاد ہے، قائداعظم محمد علی جناحؒ نے اسی نظریے کی بنیاد پر متحدہ ہندوستان میں ایک الگ اسلامی مملکت کے حصول کی جدوجہد میں کامیابی حاصل کی،نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ وطن عزیز کا واحد ادارہ ہے جو پاکستان کے اساسی نظریے کے تحفظ اور فروغ کے لیے سرگرم عمل ہے، تمام محب وطن جماعتوں اور افراد کو اس ادارے کی مضبوطی کے لیے کام کرنا چاہئے۔

ان خیالات کا اظہار نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ کے بورڈ آف گورنرز کے رکن‘ معروف مسلم لیگی رہنما اور سندھ کے سابق وزیراعلیٰ سید غوث علی شاہ نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان کے دورہ اور نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ کے وائس چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد‘ سیکرٹری شاہد رشید اور دیگر عہدیداران سے ملاقات کے موقع پر کیا۔

(جاری ہے)

سید غوث علی شاہ نے کہا کہ پاکستان ہماری شناخت اور پہچان ہے اور آج ہم جو کچھ بھی ہیں‘ اس ملک کی بدولت ہیں۔

یہ ملک دو قومی نظریے کی بنیاد پر معرض وجود میں آیا اور ہماری بقاء اس نظریے سے مضبوط کے ساتھ جڑے رہنے میں ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنی نئی نسل کے دل و دماغ میں قیام پاکستان کے حقیقی اسباب و مقاصد کو جاگزیں کریں اور انہیں باور کرائیں کہ بھارت ہمارا ازلی دشمن ہے جس نے آج تک پاکستان کی آزادی کو دل سے تسلیم ہی نہیں کیا۔پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد اور شاہد رشید نے سید غوث علی شاہ کو نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ کی سالانہ کارکردگی رپورٹ اور ماہنامہ نظریہٴ پاکستان اور ماہنامہ ہونہار کے تازہ شمارے پیش کیے۔

انہوں نے کہا کہ یہ رپورٹ ادارے کی قوم ساز سرگرمیوں کی عکاس ہے اور مجھے بھی ان میں شریک ہونے سے قلبی خوشی ہوتی ہے۔ انہوں نے ان مطبوعات کے معیار طباعت اور مندرجات پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے طفیل عوام الناس اور نوجوانوں کو تحریک قیام پاکستان کے مختلف گوشوں‘ مشاہیر تحریک پاکستان کی حیات و خدمات نیز اس مملکت خداداد کی عظمت و اہمت سے شناسائی حاصل ہو رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :