عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات اور انکے معیار زندگی کو بہتر بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں ‘ڈی سی اوقصور

تمام افسران زیر تعمیر ترقیاتی کاموں کی خود نگرانی کریں ‘کرپشن اور بدعنوانی کسی صورت برداشت نہ کی جائیگی‘کوٹ رادھاکشن اور پتوکی دورہ کے موقع پرڈی سی او عمارہ خان کی گفتگو

بدھ 28 دسمبر 2016 18:49

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 دسمبر2016ء) عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی اور انکے معیار زندگی کو بہتر بنانے کیلئے ضلعی حکومت تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے ‘تمام افسران زیر تعمیر ترقیاتی کاموں کی خود نگرانی کریں ‘کرپشن اور بدعنوانی کسی صورت برداشت نہ کی جائیگی‘منتخب بلدیاتی نمائندے بھی اپنے حلقوں میں جاری ترقیاتی کاموں کو مانیٹرکریں ۔

یہ بات ڈی سی او قصور عمارہ خان نے گزشتہ روز تحصیل کوٹ رادھاکشن اور تحصیل پتوکی کے مختلف علاقوں کے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر ڈی او سی عبدالسلام عارف ‘اسسٹنٹ کمشنر پتوکی محمد شاہ رخ نیازی ‘چیئر مین یونین کونسل گہلن ہٹھاڑ طلعت محمود بھی انکے ہمراہ تھے ۔ ڈی سی او عمارہ خان نے تحصیل کوٹ رادھاکشن میں زیر تعمیر مختلف سکیموں کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو حکم دیا کہ کام کو جلد ازجلد مکمل کیا جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام ترقیاتی سکیموں کے معیار کو پرکھنے کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیگی تا کہ معیار اور کوالٹی کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جا سکے ۔ ڈی سی او نے تحصیل پتوکی میں بس ٹرمینل دورہ کے موقع پر اسسٹنٹ کمشنر کو حکم دیا کہ وہ اس ٹرمینل پر عوام الناس کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں اور اس مقصد کیلئے مطلوبہ اخراجات کا تخمینہ لگا کر دیں ۔

اسی طرح انہوں نے حکم دیا کہ شہر میں قائم غیر قانونی ویگن و رکشہ اسٹینڈز کو فوری طور پر ختم کروائیں ۔انہوں نے گرین بیلٹس کا بھی معائنہ کیا اور ٹی ایم او کو حکم دیا کہ شہر کی تمام سڑکوں کی گرین بیلٹس پر زیادہ سے زیادہ پودے لگائے جائیں ۔نیز انہوں نے شہر کی خوبصورتی میں اضافے کیلئے لینڈ سکیپ کا کام جلد ازجلد مکمل کرنے کا حکم دیا ۔ بعدازاں ڈی سی او عمارہ خان نے گہلن ہٹھاڑ میں مختلف نرسریوں کا دورہ کیا اور وہاں صفائی ستھرائی اور ڈینگی سے بچائو کیلئے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا ۔

اس موقع پر چیئر مین یونین کونسل گہلن ہٹھاڑ طلعت محمود نے ٹی ایچ کیو ہسپتال اور گرین بیلٹس کیلئے اپنی بھرپور خدمات فراہم کرنے کا یقین دلایا اور اس مقصد کیلئے پھول ، پودے اور لینڈ سکیپنگ کا دیگر سامان دینے کا اعلان کیا ۔

متعلقہ عنوان :