ادارے تحقیق و ایجادات کے شعبوں میں کامیابیاں حاصل کرے، گورنرخیبرپختونخوا

بدھ 28 دسمبر 2016 18:11

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 دسمبر2016ء) گورنرخیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفرجھگڑا نے کہاہے کہ موجودہ دور کثیرالجہت شعبہ جاتی تحقیق وایجادات متعارف کرانے کا حامل ہے۔ انہوں نے مزید کہاہے کہ جو ادارے تحقیق و ایجادات کے شعبوں میں کامیابیوں کے حامل قرارپائے ، معجزے رونماکررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہمارے نوجوان بھی صلاحیتوں کے اعتبار سے کسی سے کم نہیں۔

یہ بات انہوں نے بدھ کے روز سٹی یونیورسٹی پشاور میں انجینئرنگ، مینجنمٹ اور سائنسز کے شعبوں میں انجینئرنگ رجحانات کے موضوع پر دوسری بین الاقوامی کانفرنس میں بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ سٹی یونیورسٹی کے صدر صبورسیٹھی، وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ اور بڑی تعداد میں طلباء اوراساتذہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گورنرنے انتظامی کمیٹی کی محنت وکوششوں کو سراہااورکہاکہ اس کی بدولت منتظمین نے سائنسدانوں، محققین، سرمایہ کاروں، پالیسی سازوں اور صنعتکاروں کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کیاہے تاکہ وہ مسائل کاجدید خطوط پر حل تلاش کرنے کے قابل ہوسکیں۔ پاکستان خاص طور پر خیبرپختونخوا انتہائی اہم جغرافیائی محل وقوع کے حامل ہیں جہاں سے پوری دنیا کے ساتھ تجارت ممکن ہے۔

انہوں نے کہاکہ اس ضمن میں 50 ارب ڈالر سے زائد مالیت کاحامل چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ اس خطے میں تبدیلی کا حامل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ اب اس امر کاانحصار انجینئروں اور سائنسدانوں پرہے کہ اس منصوبے کے تحت وہ متوقع امکانات کو قوم کے بہترین مفاد میں بروئے کار لانے کیلئے کس حدتک کامیابی سے ہمکنارہوسکتے ہیں