زراعت ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے،اقبال ظفرجھگڑا

تحقیق و تخصیص کے ذریعے بہتری لانا ، جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا زرعی یونیورسٹی اوراعلی تعلیمی وتحقیقی اداروں کی ذمہ داری ہے،گورنرخیبرپختونخوا

بدھ 28 دسمبر 2016 18:11

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 دسمبر2016ء)گورنرخیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفرجھگڑا نے کہاہے کہ زراعت ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اوراس شعبے میں تحقیق و تخصیص کے ذریعے مزید بہتری لانا اور اسے جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا زرعی یونیورسٹی اوردیگراعلی تعلیمی وتحقیقی اداروں کی ذمہ داری ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے بدھ کے روز گورنر ہاوس پشاورمیں زرعی یونیورسٹی پشاور کے سینٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میںصوبائی وزیرزراعت اکرام اللہ گنڈاپور، سیکرٹری اعلی تعلیم ،سیکرٹری زراعت، وائس چانسلر ایگریکلچریونیورسٹی اورایگریکلچر یونیورسٹی کے سینٹ ممبران اوردیگرمتعلقہ حکام نے شرکت کی۔یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے اجلاس کو یونیورسٹی کی کارکردگی کے حوالے سے ایک تفصیلی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

گورنر نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی صوبے میں نہایت اہمیت کاحامل اعلی تعلیمی ادارہ ہے لہذا یونیورسٹی کوزراعت کے شعبے میں تحقیق پرخصوصی توجہ دینا ہوگی جس کا براہ راست تعلق ہماری معیشت سے ہے۔

زرعی یونیورسٹی کی تحقیقی سرگرمیوں کا حوالہ دیتے ہوئے گورنرنے کہاکہ یونیورسٹی کوتعلیمی وتحقیقی معیار میںمزید بہتری لانے پربھی خصوصی توجہ دینی ہوگی اجلاس میں ایگریکلچر یونیورسٹی کے ترمیمی ماڈل سٹیچیوٹس کی اصولی منظوری دی گئی تاہم اس سلسلے میں معاملات کاتفصیلی جائزہ لینے زراعت اوراعلی تعلیم کے سیکرٹریز اوردیگر متعلقہ افسران پرمشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جوپندرہ دن کے اندراپنی رپورٹ پیش کرے گی۔