وفاقی محتسب کی سیکٹر جی سکس ٹو میں راستوں کی بندش اور مکینوں کودرپیش مشکلات کے ازالے کی ہدایت

ضلعی انتظامیہ فوری تمام راستے کھو لے، وفاقی محتسب کا شہریوں کی درخواست پر حکم

بدھ 28 دسمبر 2016 17:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 دسمبر2016ء) وفاقی محتسب نے اسلام آباد کے سیکٹر جی سکس ٹو میں راستوں کی بندش اور اس سلسلے میں مکینوں کو پیش آنے والی مشکلات کے کیس میں اپنا سابقہ فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو فیصلے پر فوری عملدرآمد کی ہدایت دیتے ہوئے تمام راستے کھولنے کی ہدایت کر دی ۔ تفصیلات کے مطابق سیکٹر جی سکس ٹو کے مکینوں نے اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے مرکزی امام بارگاہ کے قریبی علاقوں کو جانے والے تمام راستے رکاوٹیں رکھ کر بند کرنے اور علاقے کو سیل کرنے کے اقدام کو وفاقی محتسب میں چیلنج کیا تھا جس پر وفاقی حکومت نے مکینوں کے حق میں فیصلہ دیتے ہوئے راستے کھولنے کا حکم دیا تھا تاہم ضلعی انتظامیہ نے اس فیصلے کو وفاقی محتسب میں ہی چیلنج کردیا تھا جس کی سماعت کے بعد وفاقی محتسب نے اپنا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے علاقے کے راستے کھولنے اور تمام رکاوٹیں ہٹانے کا حکم دیا اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر اس حکم پر عملدرآمد یقینی بنائے اور شہریوں کو پیش آنے والی مشکلات کا ازالہ کیا جائے ۔

(جاری ہے)

اس پر چیف کمشنر اسلام آباد ذوالفقار حیدر نے کل بروز جمعرات ایک مشترکہ میٹنگ بھی طلب کر لی ہے جس میں علاقہ مکینوں کے نمائندوں کو بھی بلایا گیا ہے تاکہ باہمی اتفاق رائے سے مسئلے کا کوئی حل نکالا جا سکے ۔ …(م د )