قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے سزائوں میں اضافہ کے ترمیمی بل کی منظوری دیدی

چوری اور ڈکیتی کی سزا پانچ سال کردی گئی ،چیئرمین کمیٹی رانا شمیم اور سلمان بلوچ کی ایک دوسرے کودھمکیاں آپ مجھے نہیں جانتے،سلمان بلوچ کا بات کرنے کی اجازت نہ ملنے پر انتباہ ، آپ مجھ سے واقف نہیں،رانا شمیم کا جواب آئندہ ماہ اسلحہ لائسنسوں کے اجرا کا فیصلہ کرلیا جائے گا، اگر لائسنس یافتہ اسلحہ گاڑی میں ہوتو پولیس کارروائی نہیں کرسکتی سیکرٹری داخلہ عارف احمد خان کی کمیٹی کو بریفنگ

بدھ 28 دسمبر 2016 16:38

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 دسمبر2016ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے چوری ،ڈکیتی اور دیگر جرائم کی سزائوں میں اضافے سمیت بوگس چیک دینے والوں کی سزا کو دگنا کرنے سے متعلق ترمیمی بل (سزائوں میں اضافہ ترمیمی بل) منظور کرلیے ہیں،چوری اور ڈکیتی کی کم سے کم سزا تین سال سے بڑھا کر پانچ سال کردی گئی ۔چیئرمین کمیٹی رانا شمیم اور ایم کیو ایم کے رکن سلمان بلوچ نے ایک دوسرے کودھمکیاں بھی دیں ،سلمان بلوچ نے بات کرنے کی اجازت نہ ملنے پر کہاکہ آپ مجھے نہیں جانتے جس پر رانا شمیم نے کہاکہ دھمکی نہ دیں آپ بھی مجھ سے واقف نہیں،سیکرٹری داخلہ عارف احمد خان نے بتایا کہ آئندہ ماہ اسلحہ لائسنسوں کے اجراء کا فیصلہ کرلیا جائے گا اگر لائسنس یافتہ اسلحہ گاڑی میں ہوتو پولیس کارروائی نہیں کرسکتی۔

(جاری ہے)

بدھ کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کاا جلاس چیئرمین کمیٹی رانا شمیم کی صدارت میں ہوا۔اجلاس میں ایوان کی طرف سے بھجوائے گئے ترمیمی بل زیرغور آئے ،وزارت قانون کی طرف سے چوری اور ڈکیتی جیسے جرائم کی سزائوں میں اضافے کی ترمیمی بل کی مخالف کی گئی تاہم اس کے باوجود کمیٹی نے مذکورہ جرائم کی کم سے کم سز ا تین سال سے بڑھا کر پانچ سال کرنے کی منظوری دے دی۔

کمیٹی ارکان کے مطالبے پر سیکرٹری داخلہ عارف احمد خان نے بتایا کہ اسلحہ لائسنسوں کے اجراء کی پالیسی تیار کرلی گئی ہے،فی الحال اس پالیسی کی تفصیلات نہیں بتائی جاسکتی تاہم کوشش ہے کہ معاشرے میں جن لوگوں کو اسلحہ لائسنس کی ضرورت ہے انہیں لائسنس جاری کیے جائیں۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ آئندہ ماہ کسی بھی وقت لائسنسوں کے اجراء کا فیصلہ ہوجائے گا۔

کمیٹی نے بوگس چیک دینے والوں کی سزا کو دگنا کرنے سے متعلق ترمیم بھی منظور کرلی ،منظور کردہ ترمیم کے مطابق جعلی چیک دینے والے کی ضمانت چیک سے دگنی رقم دینے سے ہوگی۔کمیٹی کی سفارشات حتمی منظوری کیلئے قومی اسمبلی میں پیش کی جائیں گی۔سیکرٹری داخلہ نے ایک رکن کے استفسار پر بتایا کہ لائسنس یافتہ اسلحہ گاڑی میں رکھا جاسکتا ہے اگر پولیس یا قانون نافذ کرنے والے ادارے لائسنس یافتہ اسلحہ کے خلا ف کارروائی کریں تو متعلقہ حکام کو فوری طور پر شکایت کی جائے ۔

کمیٹی اجلاس میںغیر قانونی بے دخلی بل پر بحث کے دوران ایم کیو ایم کے رکن سلمان بلوچ نے ایک موقع پر بولنے کی کوشش کی تو چیئرمین نے انہیں بات کرنے سے روک دیا جس پر سلمان بلوچ نے کہاکہ آپ مجھے نہیں جانتے ،رانا شمیم نے سلمان بلوچ کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آپ ہوش کے ناخن لیں مجھے دھمکی نہ دیں آپ مجھ سے واقف نہیں ہیں