مرغبانی کے شعبے کی ترقی کے لیے چار تربیتی کورسز02جنوری سے شروع ہوں گے

بدھ 28 دسمبر 2016 16:06

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 دسمبر2016ء) ڈائریکٹر پولٹری ریسرچ انسٹی ٹیوٹ چوہدری عبدالرحمن نے کہاہے مرغبانی کے شعبے کی ترقی اور اس شعبے سے وابستہ افراد کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں اضافے کے لیے سال نو کے آغاز پر پولٹری ریسرچ انسٹی ٹیوٹ راولپنڈی کے زیر اہتمام 6ماہ کے چار کورسز کا اجراء 2جنوری 2017سے ہو گا ۔ ان کورسز میں پولٹر ی ہائوسنگ اینڈ مینجمنٹ،پولٹر ی ہیچری مینجمنٹ،لیبارٹری فارپولٹری ڈیزیز اورپولٹر ی فیڈ اینڈ واٹر ٹیسٹنگ لیب ٹیکنیکس شامل ہیں ۔

کورسز کے اوقات کار صبح 8:00سے 3:00بجے سہ پہر تک ہیں۔چالیس فیصد نمبروں کے حامل میٹرک پاس خواتین وحضرات اس کورس میں داخلے کے اہل ہیں ۔داخلے کے خواہشمند خواتین و حضرات کورسز میں شمولیت کے لئے رجسٹریشن فارم دفترکے شعبہ تعلیم وتوسیع سے حاصل کر سکتے ہیں یا ادارہ کی ویب سائٹ (www.poultry.punjab.gov.pk)سے ڈائون لوڈ کر سکتے ہیں ۔

(جاری ہے)

کورسز میں شمولیت کے لیے رجسٹریشن کی آخری تاریخ 27-دسمبر 2016ء ہے ۔

ان کورسز کی ماہانہ فیس پانچ سو روپے مقرر کی گئی ہے ۔ڈائڑیکٹر پولٹری ریسرچ انسٹی ٹیوٹ چوہدری عبدالرحمن نے کہا کہ پولٹری کے شارٹ کورسز کرنے والے طلبہ 15سے 25ہزار روپے ماہانہ پر ملازمت باآسانی حاصل کر سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ پولٹری سیکٹر بہت تیزی سے پھیل رہا ہے اور اس میں تربیت یا فتہ نوجوانوں کیلئے ملازمت کے مواقع موجودہیں۔