ایف بی آر کا ود ہولڈنگ ٹیکس کٹوتیوں کی چھان بین کے لئے پنجاب حکومت کے 5اداروں کے آڈٹ کا فیصلہ

سیکشن 153ون بی،153ون سی اور 236اے کے تحت مختلف نوعیت کے ٹھیکوں پر ٹیکس کٹوتیوں کا آڈٹ کیا جائیگا بے ضابطگیاں ثابت ہونے پر ذمہ داران کیخلاف سخت کارروائی ہو گی ، ڈپٹی کمشنر محمد نذیر رضوی کی سربراہی میں ٹیمیں تشکیل

بدھ 28 دسمبر 2016 14:56

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 دسمبر2016ء) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ود ہولڈنگ ٹیکس کٹوتیوں کی چھان بین کے لئے پنجاب حکومت کے 5اداروں کے آڈٹ کا فیصلہ کر لیا ، ایف بی آر کنٹریکٹرز کو کی گئی ادائیگیوں پر ٹیکس کٹوتیوں کا مختلف پہلوئوں سے جائزہ لے کر بے ضابطگیاں ثابت ہونے پر سخت کارروائی کرے گا، ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں ۔ ایف بی آر ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ایف بی آر نے پنجاب ایمپلائز سوشل سیکیورٹی انسٹی ٹیوشن، پنجاب رورل سپورٹ پروگرام، پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ، پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن اور پنجاب لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ بورڈ کا ود ہولڈنگ ٹیکس آڈٹ کرنے کا فیصلہ کیاہے ۔

کمشنر ان لینڈ ریونیو سید محمود حسین جعفری نے حکومت پنجاب کے محکموں کے ودہولڈنگ ٹیکس معاملات کی چھان بین کے لئے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔

(جاری ہے)

ایف بی آر کی ٹیمیں ڈپٹی کمشنر محمد نذیر رضوی کی سربراہی میں انکم ٹیکس آرڈیننس کے سیکشن 153ون اے کے تحت حکومت پنجاب کے پانچوں اداروں کی طرف سے کنٹریکٹرز کو کی گئی ادائیگیوں کا آڈٹ کرکے ٹیکس کٹوتی کا جائزہ لیں گی۔

سیکشن 153ون بی،153ون سی اور 236اے کے تحت مختلف نوعیت کے ٹھیکوں پر ٹیکس کٹوتیوں کا آڈٹ کیا جائے گا۔ کارپوریٹ ریجنل ٹیکس آفس کی آڈٹ ٹیموں میں انسپکٹر ان لینڈ ریونیو ظہور الٰہی ، ضیاء الدین، محمد اشرف اور انسپکٹر سلمان احمد خان شامل ہیں۔ایف بی آر ذرائع کے مطابق ودہولڈنگ ٹیکس معاملات میں آڈٹ کے بعد بے ضابطگیاں ثابت ہونے پر حکومت پنجاب کے اداروں کے خلاف ٹیکس قوانین کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :