ایڈہاک ڈاکٹرز کو جلد اسمبلی ایکٹ کے ذریعے مستقل کریں گے، سکندرشیرپائو

بدھ 28 دسمبر 2016 13:21

پشاور۔28دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 دسمبر2016ء) خیبر پختو نخوا حکومت کے سینئرصوبائی وزیر سکندر شیر پا ئونے کہا ہے کہ ڈاکٹروں کو درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے ،ایڈہاک ڈاکٹروں کو جلد اسمبلی ایکٹ کے ذریعے مستقل کریں گے ۔ان خیالات کا اظہارسینئرصوبائی وزیر سکندر شیر پائو نے ترجمان پراونشل ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے پی کے ڈاکٹر سلیم خان یوسفزئی کی قیادت میں دس رکنی وفد سے اپنی رہائش وطن کورمیں ملاقات کے دوران کیا ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ وہ ڈاکٹرز برادری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ ڈاکٹرز حضرات مسیحائی جذبہ کے تحت مریضوں کو ہر ممکن طبی سہولیات کی فراہمی کو اپنی اولین ترجیحات بنائیں گے انہوں نے کہا کہ ان کی زیر صدارت سپیشل کمیٹی کے اجلاس میں محکمہ صحت میں کام کرنے والے تمام ایڈہاک ڈاکٹرز کو مستقل کرنے کی سفارشات مرتب کی گئی ہیں اور جلد ہی ان سفارشات کی روشنی میں محکمہ صحت عملی اقدامات کرے گا وفد نے سپیشل کمیٹی کی جانب سے ڈاکٹروں کی مستقلی کے لئے کی جانے والی مذکورہ سفارشات مرتب کرنے میں صوبائی وزیر سکندر شیر پائو کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ ڈاکٹروں کو درپیش دیگر مسائل کے حل کے لئے بھی اسی جذبہ کے تحت اقدامات کریں گے وفد نے صوبائی حکومت کی جانب سے محکمہ صحت میں مثبت اقدامات کیے ہیں جس میں ڈاکٹروں کی بھرتیاں ، ہیلتھ پروفیشنل الائونس ، ڈپلومہ کرنے والے ڈاکٹروں کے لئے وظیفہ مقرر کرنا، ایچ اوز اور ٹی ایم اوز کی تنخواہوں میں اضافہ جیسے مثبت اقدامات پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ آپ ڈاکٹروں کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کریں تاکہ ڈاکٹروں میں پائی جانے والی بے چینی کاخاتمہ ہوسکے۔

متعلقہ عنوان :