ماسکو میں افغانستان اور خطہ کے معاملات سے متعلق پاکستان روس اور چین پر مشتمل سہ فریقی مشاورتی اجلاس‘سہ فریقی گروپ کا افغان مصالحتی عمل کیلئے کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق

منگل 27 دسمبر 2016 22:46

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 دسمبر2016ء) افغانستان سے متعلق پاکستان روس اور چین پر مشتمل سہ فریقی گروپ نے افغان مصالحتی عمل کیلئے کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ مشاورتی عمل میں افغانستان کا خیرمقدم کیا جائے گا۔ دفتر کے خارجہ کے مطابق یہ اتفاق رائے منگل کو ماسکو میں افغانستان میں سکیورٹی کی مخدوش اور خطے کی صورتحال کے متعلق تینوں ملکوں کے سہ فریقی گروپ کے مشاورتی اجلاس کے دوران طے پایا۔

اجلاس میں سیکرٹری خارجہ اعزازاحمد چوہدری نے پاکستانی وفد کی قیادت کی۔ انہوں نے اجلاس میں شریک روس کے نائب وزیر خارجہ ایگور مارگیدوف سے بھی ملاقات کی۔ تینوں فریقوں نے افغانستان میں امن وامان کی مخدوش صورتحال اور خطہ کی صورتحال سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا اور افغانستان میں داعش سمیت دیگر شدت پسند گروپوں کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں پر تشویش کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس کے شرکاء نے افغان عوام اور حکومت کی قیادت میں افغانستان میں مصالحتی عمل کیلئے کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ سہ فریقی گروپ نے مشاورتی عمل جاری رکھنے پر اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ مشاورتی عمل میں افغانستان کا خیرمقدم کیا جائے گا روس اور چین نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل ارکان کی حیثیت سے بعض افغانوں کے نام مصالحتی عمل میں تعاون کرنے پر اقوام متحدہ کی پابندیوں کی فہرست سے ہٹانے میں لچک کا مظاہرہ دکھانے کا بھی وعدہ کیا۔