ٹوبہ ٹیک سنگھ،زہریلی شراب سے ہلاکتوںکی تعداد 41ہوگئی،مزید ہلاکتوں کا خدشہ،متعدد شراب فروش گرفتار

منگل 27 دسمبر 2016 22:35

ٹوبہ ٹیک سنگھ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 دسمبر2016ء)کرسمس کے موقع پر زہریلی شراب نوشی سے ہلاک ہونے والے عیسائی اور مسلم افراد کی تعداد 41تک پہنچ چکی ہے جبکہ مزید ہلاکتوں کے خدشہ ظاہرکیا جارہا ہے کیونکہ 20سے زائدافراد ابھی تک زندگی و موت کی کشمکش میںزیر علاج ہیں ، الائیڈ ہسپتال فیصل آباد میں منتقل مریضوں کی حالت بھی انتہائی خراب بتائی جارہی ہے،محلہ مبارک آباداور دیگر علاقوں کے مسیحی افراد نے کرسمس کے روز شراب نوشی کی، زہریلی شراب پینے کی وجہ سے خاتون زرینہ سمیت 149 افراد کی حالت غیرہو گئی جن کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ٹوبہ ٹیک سنگھ اور الائیڈ ہسپتال فیصل آباد منتقل کیا گیا مگر دوران علاج اب تک41افراد ہلاک ہوچکے ہیں ،ہلاک ہونے والوں میں ،ساجدمسیح ،رضوان مسیح،یعقوب مسیح،امین مسیح ، شہباز مسیح،عمران ،دانیال ،یونس مسیح ، آصف رزا ق ،اسلم رحمت،بشارت عنائت،عثمان سموئیل ،یوسف گلزار،تنویرمسیح،اکرم مسیح،یوسف مسیح،کشن،سجاول،رضوان،لطیف،جبارشریف،اور بشارت شامل ہیں ،ایم ایس ڈی ایچ کیو ڈاکٹر محمد آصف سلیمی کے مطابق زہریلی شراب پینے سے کل 149لوگ متاثر ہوئے تھے ،ڈسٹرکٹ ہسپتال میں ابھی تک ایمر جنسی نافذ ہے کسی بھی مریض کی اطلاع ملنے پرریسکیو کی ٹیمیں مریضوں کو ہسپتال پہنچا رہی ہیں،پولیس کی جانب سے شراب فروشوں کے خلا ف تھانہ سٹی کے ایس ایچ او محمد ندیم کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے کریک ڈائون شروع اور متعدد افراد کو گرفتار بھی کر لیا گیا ہے تاہم پولیس گرفتار کئے گئے افراد کا نام صیغہ راز میں رکھے ہوئے ہے،ڈی سی او ،اور ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ نے کہا ہے کہ واقع کی تحقیقات ہنگامی بنیادوں پر شروع کر دی گئی ہیں واقعے میں ملوث افراد کو گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔