متوازن خوراک نہ ملنے کی وجہ سے عوام مختلف بیماریوں کا شکار ہورہے ہیں،وفاقی وزیرتعلیم کوبریفنگ

منگل 27 دسمبر 2016 22:32

ملتان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 دسمبر2016ء)بہاء الدین زکریایونیورسٹی ملتان کے قائم مقام وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر بشیر احمد چوہدری اورانسٹی ٹیوٹ آف فوڈ سائنس و نیوٹریشن کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر سعید اختر نے ملتان کے دورہ پر آئے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم انجینئر محمد بلیغ الرحمن سے ایک خصوصی ملاقات کی۔ ملاقات میں ڈاکٹر سعید اختر نے وفاقی وزیر تعلیم کو جنوبی پنجاب میں خوراک کے مسائل اور انسانی زندگی پر اثرات سے آگاہ کیا اور انسٹی ٹیوٹ آف فوڈ سائنس و نیوٹریشن کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی۔

ڈاکٹر سعید اختر نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ متوازن خوراک نہ ملنے کی وجہ سے عوام مختلف بیماریوں کا شکار ہورہے ہیں اور خوراک میں ملاوٹ بھی ایک سنگین مسئلہ بن چکا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ انسٹی ٹیوٹ آف فوڈ سائنس اینڈ نیوٹریشن طلباء طالبات کو پیشہ ورانہ تعلیم کی فراہمی کے ساتھ ساتھ معاشرے میں متوازن اور عمدہ خوراک کی فراہمی اور اہمیت کے بارے میں آگاہی مہم بھی چلارہا ہے اور ۲ اور ۳ مارچ 2017 ء کو تیسری بین الاقوامی فوڈ کانفرنس کا انعقاد بھی کیاجارہا ہے‘ جس کا عنوان محفوظ خوراک سب کے لیے ہی․ وفاقی وزیر تعلیم انجینئر محمد بلیغ الرحمن نے ڈاکٹر سعید اختر اور انسٹی ٹیوٹ آف فوڈ سائنس کی کاوشوں کو سراہا اور کہاکہ متوازن اور محفوظ خوراک کی دستیابی واقعی ہی ایک مسئلہ ہے جس کے لیے تمام اداروں کو ایک جذبے کے تحت کام کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ زیادہ تر بیماریاں ناقص خوراک کی وجہ سے پھیل رہی ہیں جس کے لیے ہمیں ایک منظم انداز میں آگاہی چلانا ہوگی۔ انہوں نے انٹرنیشنل فوڈ کانفرنس میں اپنی شرکت اور ہر طرح کی مدد کی یقین دہانی کرائی۔