عورتوں کے حقوق کیلئے حکومت نے ٹھوس اقدامات اٹھائے ہیں، فوزیہ وقار

منگل 27 دسمبر 2016 22:02

ساہیوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 دسمبر2016ء) پنجاب کمیشن برائے حقوق خواتین کی چیئرپرسن فوزیہ وقار نے کہا ہے کہ خواتین کا وراثت میں حصہ لازم بنانے کیلئے انتقال وراثت کے فوراً بعد جائیداد کی تقسیم لازم ہے تا کہ کوئی حقدار محروم نہ رہے ، اس سلسلے میں کوتاہی کے مرتکب محکمہ مال کے افسران کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی،ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں ڈی سی او آفس میں منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں خواتین کے حقوق کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ،اجلاس میں ڈی سی او شوکت علی خان کھچی ‘ڈی او سی شفیق ڈوگر‘ چیئر مین پی ایچ اے حاجی پیر احسان الحق ادریس‘اے سی صبااصغر ودیگر متعلقہ محکموں کے ضلعی افسران اور سماجی و صحافتی تنظیموں کے نمائندوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ،فوزیہ وقار نے کہا کہ مردوں اور عورتوں کے مساویانہ حقوق کیلئے حکومت نے ٹھوس اقدامات اٹھائے ہیں، ان سے صنفی امتیاز کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا ،انہوں نے کہاکہ کمیشن جیل‘ سب جیل اور دارالامان سمیت ایسے تمام اداروں کی مانیٹرنگ کر رہا ہے جہاں خواتین کو تحویل میں رکھا جاتا ہے تا کہ خواتین کے حقوق کی عمومی اور انفرادی سطح پر پامالی کو روکا جا سکے،اجلاس میں وراثتی حقوق‘ بچوں کی پیدائش و اموات کے مفت اندراج‘خواتین پر تشدد اور تیزاب گردی سمیت مسلم عائلی قوانین میں خواتین کے تحفظ کیلئے اصلاحات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا ، اس موقع پرڈی سی او نے جنسی امتیاز کے خاتمے اورصنفی حقوق کے تحفظ سمیت دیگر معاملات میں پنجاب کمیشن برائے حقوق خواتین کو ضلعی انتظامیہ کے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی،اجلاس میں کمیشن کا ٹال فری نمبر 1043 بھی بتایا گیا جہاں خواتین مفت رہنمائی حاصل کر سکتی ہیں۔