افغان مہاجرین کی واپسی اور صوبے کے 4اضلاع سے نقل مکانی کرنیوالے لوگوں کی دوبارہ آباد کاری تک مردم شماری کسی بھی صورت قبول نہیں کریں گے،ارکان پارلیمنٹ اور نیشنل پارٹی رہنماء

منگل 27 دسمبر 2016 21:48

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 دسمبر2016ء) ارکان پارلیمنٹ اور نیشنل پارٹی کے رہنماوں نے کہا ہے کہ بلوچستان سے افغان مہاجرین کی واپسی اور صوبے کے 4اضلاع سے امن و امان کی خراب صورتحال کے باعث نقل مکانی کرنے والے لوگوں کی دوبارہ آباد کاری تک مردم شماری کسی بھی صورت قبول نہیں کریں گے اگر حکومت ہمارے دونوں مطالبات مان لیتی ہے تو ہم مردم شماری کیلئے آنے والوں کا پھولوں سے استقبال کرینگے ،نیشنل پارٹی ترقی یافتہ اور پڑھا لکھا بلوچستان دیکھنا چاہتی ہے جس کیلئے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں پارٹی کی امن پسندی اور عوام کی خدمت کی وجہ سے نیشنل پارٹی کے رہنماوں اورکارکنوں کو ٹارگٹ کلنگ اور بم دھماکوں کا نشانہ بنارہے ہیں ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے مرعوب نہیں ہونگے۔

یہ بات صوبائی وزیر صحت میر رحمت صالح بلوچ، سینیٹر کبیر محمد شہی ، صوبائی وزیر کھیل میر مجیب الرحمن محمد حسنی ،نیشنل پارٹی ضلع کوئٹہ کے صدر حاجی عطا محمد بنگلزئی ،علی احمد لانگو،موسیٰ خلجی ،چیئرمین مارکیٹ کمیٹی حاجی عبدالصمد بلوچ ،صدیق پانیزئی ،فرزانہ رئیسانی ،ڈاکٹر موہن کمار،آصف جان مسیح اور دیگر نے نیشنل پارٹی ضلع کوئٹہ کے زیراہتمام کرسمس کے حوالے سے کوئٹہ پریس کلب میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر،ملک کامران بنگلزئی، ضلعی نائب صدر حنیف کاکڑ، ضلعی انفارمیشن سیکرٹری قاسم لانگو، ضلعی فنانس سیکرٹری سعید سمالانی ،ضلعی رابطہ سیکرٹری میر حیدر رئیسانی ،انیل غوری ، ڈاکٹر پیر جان نصراللہ شاہوانی ، نعیم بنگلزئی،ارباب نذیراحمد،ٹکری عبیدبنگلزئی،ٹکری عطا شاد،ظاہر لانگو،عثمان بلوچ، کونسلر غفار قمبرانی کونسلر غفار رند، کونسلرحاجی یاسین بنگلزئی ،بی ایس او کے آغا داود شاہ ،عمران بلیدی اور جعفر بلوچ بھی موجود تھے۔

صوبائی وزیر صحت میر رحمت صالح بلوچ نے کہا کہ کرسمس محبت کا پرچار ہے میں کرسمس کے موقع پر بلوچستان سمیت پورے پاکستان کی کرسمس برادری کو کرسمس کی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں آباد برادر اقوام میں نفرتیں پیدا کرنا اور امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنا ایک سازش تھی جس کے خلاف نیشنل پارٹی سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر کھڑی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی نے صوبے میں نفرتیں پھیلانے والوں کے خلاف آواز بلند کی ہے جس کی وجہ سے نیشنل پارٹی کے کارکنوں و رہنماوں کو ٹارگٹ کلنگ اور بم دھماکوں کا نشانہ بنایا جارہا ہے ہم ایسے عناصر کو بتادینا چاہتے ہیں کہ ہم اوچھے ہتھکنڈوں سے مرعوب نہیں ہونگے۔ میررحمت بلوچ نے کہا کہ پاکستان کے آئین میں تمام شہریوں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں نیشنل پارٹی بلوچستان کے وسائل کو یہاں کے عوام کی ترقی اور خوشحالی پر خرچ کرنا چاہتی ہے جس کیلئے ہم جمہوری جدوجہد کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی کا مقصد عوام کی خدمت ہے اقتدار ہماری منزل نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم ترقی یافتہ ،پڑھا لکھا اورپرامن بلوچستان دیکھنا چاہتے ہیں جس کیلئے ہر قسم کی قربانی کیلئے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی رنجشیں ختم کرکے دنیا کو یہ پیغام دینا ہوگا کہ ہم عدم تشدد کے پیروکار اورہرقسم کی دہشت گردی کے خلاف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام کے حقوق کیلئے صحافیوں نے ہمیشہ آواز بلند کی جس کی پاداش میں انہیں بھی نشانہ بنایا ہم شہید صحافیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ۔

سینیٹر کبیر محمد شہی نے کہا کہ اسلام سمیت تمام مذاہب امن اور بھائی چارہے کا درس دیتے ہیں لیکن ہم نے اپنے لوگوں کو ٹکڑوں میں تقسیم کردیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کوئی بھی مذہب کسی بے گناہ کو قتل کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دیتا لیکن نے یہاں فرقہ واریت کے نام پر بے گناہ افراد کو ٹارگٹ کلنگ کو بم دھماکوں کا نشانہ بنایا گیا ہے جو قابل مذمت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے تحفظ کے حوالے سے سینٹ میں کئی بل زیر غور ہیں نیشنل پارٹی کسی بھی ایسے بل کی حمایت نہیں کریگی جس میں اقلیتوں کو نقصان پہنچنے کاا ندیشہ ہو۔ میر کبیر محمد شہی نے کہا کہ حکومت نے سپریم کورٹ کے حکم کے بعد مارچ میں مردم شماری کرانے کااعلان کیا ہے نیشنل پارٹی مردم شماری کی مخالفت نہیں ہے لیکن 35لاکھ سے زائد افغان مہاجرین کی موجودگی اور امن و امان کی خراب صورتحال کے باعث بلوچستان کے 4اضلاع سے نقل مکانی کرنے والے افراد کی دوبارہ آباد کاری تک نیشنل پارٹی کسی بھی مردم شماری کو قبول نہیں کریگی۔

انہوں نے کہا کہ اگر حکومت ہمارے دو مطالبات تسلیم کر لیتی ہے تو نیشنل پارٹی مردم شماری کیلئے آنے والوں کا پھولوں سے استقبال کریگی افغان مہاجرین کی باعزت وطن واپسی اور نقل مکانی کرنے والے افراد کی دوبارہ آباد کار تک مردم شماری کو منسوخ کیا جائے۔سینیٹر کبیر محمد شہی نے کرسچن برادری کو کرسمس کی مبارکباد دیتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ نیشنل پارٹی اقلیتوں کے حقوق کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

صوبائی وزیر کھیل میر مجیب الرحمن محمد حسنی نے کہا کہ پاکستان کے آئین میں اقلیتوں سمیت ہرشہری کو برابر کے حقوق حاصل ہیں بلوچستان میں آباد پشتون اور بلوچوں کی اپنی روایات ہیں جس میں اقلیتوں کو مکمل تحفظ دیا جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اقلیتوں کے مسائل کے حل کیلئے اقدامات کر رہی ہے اور اقلیتی ارکان صوبائی اسمبلی کو بھی دیگرارکان کے برابر 25کروڑ روپے کی ترقیاتی اسکیمات دی جاتی ہیں اور ہم بلا رنگ و نسل صوبے کے عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔

نیشنل پارٹی ضلع کوئٹہ کے صدر حاجی عطا محمد بنگلزئی ،علی احمد لانگو،موسیٰ خلجی ،چیئرمین مارکیٹ کمیٹی حاجی عبدالصمد بلوچ ،صدیق پانیزئی ،فرزانہ رئیسانی ،ڈاکٹر موہن کمار،آصف جان مسیح نے خطاب کرتے ہوئے کرسچن برادری کو کرسمس کی مبارکباد ی ۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی مذہب پرستی ،نسل پرستی پر یقین نہیں رکھتی ۔نیشنل پارٹی کا منشورامن اور بھائی چارے کا پیغام دیتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور خاص کر بلوچستان میں کرسچن برادری کی تعلیم اور صحت کے شعبے میں گراں قدر خدمات ہیں جسے نیشنل پارٹی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی نے ہمیشہ اقلیتوں کو انکے جائز حقوق دلانے کیلئے اپنا موثر اور عملی کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی کے دروازے ہمیشہ عوام کیلئے کھلے ہیں اقلیتوں کو کوئی بھی مسئلہ درپیش ہو تو وہ نیشنل پارٹی سے رابطہ کرسکتی ۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صحت میر رحمت بلوچ،سینیٹر کبیر محمد شہی ، حاجی عطا محمد بنگلزئی اور دیگر نے مستحق اور نادرا افراد میں امدادی چیک بھی تقسیم کئے۔

متعلقہ عنوان :