نوجوانوں اور باصلاحیت افراد کو اُن کی استعدادکے مطابق حق ملنا چاہئے،عرفان صدیقی

داخلوںاوربھرتیوںکادیانت پر مبنی شفاف طریقہ کاراور سفارش کلچر کی نفی نہایت ضروری ہیں ،نقائص کی نشاندہی کامستقل نظام رائج کرکے زیادتی کی شکایات کا تدارک کیاجاسکتا ہے مشیر وزیراعظم عرفان صدیقی کی این ٹی ایس ہیڈکوارٹر ز کے دورہ کے دوران گفتگو

منگل 27 دسمبر 2016 16:23

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 دسمبر2016ء) وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ وادبی ورثہ عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ حکومت میرٹ کی فرمانروائی پر یقین رکھتی ہے۔ نوجوانوں اور باصلاحیت افرادکوان کا حق دلا کراسی جمہوری نظام پران کا یقین واعتمادپختہ کیاجاسکتا ہے۔ بھرتیوں اور داخلوں کے لئے دیانت پر مبنی شفاف طریقہ کار سفارش کلچر کی نفی میں ٹھوس کردار ادا کرتاہے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے نیشنل ٹیسٹنگ سروس (این ٹی ایس) ہیڈ کواٹر کے دورے کے موقع پر منگل کوایک اجلاس سے خطاب میں کیا۔ مشیر وزیراعظم عرفان صدیقی نے اس امر پر مسرت کا اظہار کیا کہ حکومت کی جانب سے ملازمتوں پر عائد پابندی اٹھانے کے اعلان کے بعد تین سال کے دوران این ٹی ایس نے ریکارڈ تعداد میں اُمیدواروں کے ٹیسٹ لیے اور با صلاحیت نوجوانوںکو میرٹ پر نوکریاں ملیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کسی قوم کے ساتھ اس سے بڑی زیادتی نہیں ہو سکتی کہ اہل نوجوانوں اور با صلاحیت افراد کو ان کے حق سے محروم کر دیا جائے۔ عرفان صدیقی نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف میرٹ کی حوصلہ افزائی پر یقین رکھتے ہیں اور اسی بناء پر نوجوانوں اور باصلاحیت افراد کو آگے لانے کی پالیسی پر کاربند ہیں۔ انہوں نے تجویز کیا کہ مستقل بنیادوں پر ایسا جائزہ نظام رائج کیاجائے جو طریقہ کار کی خامیوں اور نقائص کی مسلسل نگرانی کر تا رہے تاکہ کسی فرد کو یہ شکایت نہ رہے کہ بھرتیوں یا داخلوں کے عمل میں اس کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے۔

عرفان صدیقی نے کہا کہ این ٹی ایس اپنی ساکھ برقرار رکھنے پر بھرپورتوجہ مرکوز رکھے۔ اس موقع پراین ٹی ایس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ائیر کموڈور (ر) ڈاکٹر شیر زادہ خان نے ادارے کے قیام کے اغراض و مقاصد اور اب تک کی کامیابیوں کی بارے میں تفصیلی بریفنگ میں بتایا کہ ادارے کی ذاتی عمارت کی تعمیر کے بعد ٹیسٹ پر آنے والے اخراجات میں کمی کرنے کا امکان پیدا ہو جائے گا۔ مشیر وزیراعظم نے ادارے کے مختلف شعبوں کا دورہ بھی کیا۔

متعلقہ عنوان :